نیب نے ڈاکٹر عاصم کے دبئی میں ہسپتال و دیگر 26کمپنیوں سے متعلق اہم ثبوت حاصل کرلئے

ہفتہ 30 اپریل 2016 16:31

نیب نے ڈاکٹر عاصم کے دبئی میں ہسپتال و دیگر 26کمپنیوں سے متعلق اہم ثبوت ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء) قومی احتساب بیورو(نیب) نے ڈاکٹر عاصم کے دبئی میں اسپتال اور دیگر 26کمپنیوں سے متعلق اہم ثبوت حاصل کرلیئے ہیں،جنہیں احتساب عدالت میں پیش کیا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق نیب کے دو تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیم نے ڈاکٹرعاصم حسین کے دبئی میں اسپتال ، دیگر جائیداد اور کمپنیوں سے متعلق اہم ترین ثبوت اکٹھے کرلیے ہیں۔

نیب ذرائع کے مطابق دبئی میں ڈاکٹرعاصم حسین کے اسپتال کی مالیت ڈیڑھ ارب روپے سے زائد ہے ان کے علاوہ دبئی سمیت یو اے ای کی دیگر ریاستوں میں قائم ان کی 26کمپنیوں کی تفصیلات اور دیگر ثبوت بھی حاصل کرلیے گئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق کینیڈا کے شہریت یافتہ ڈاکٹرعاصم کے صاحبزادے ڈاکٹر حماد حسین بھی کئی روز سے دبئی میں ہی قیام پذیر ہیں نیب کی ٹیم ان سے اور اسپتال کے دیگر عملے سے پوچھ گچھ کی ہے چند روز پہلے ہی ڈاکٹرعاصم حسین نے پاور آف اٹارنی کے ذریعے دبئی میں اپنی جائیداد بیٹے حماد حسین کے نام منتقل کردی تھی ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرعاصم حسین کے خلاف دائر نیب کے دو ریفرنسز میں ان پر وزارت پٹرولیم کے ماتحت اداروں میں 450ارب روپے کی کرپشن، 9 ارب روپے کی زمینوں ، رفاحی پلاٹوں پر قبضے اور چائنا کٹنگ ، جبکہ تین ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے الزام ہیں ۔نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی سے حاصل شدہ ثبوت نیب کورٹ میں پیش کیے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :