گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی حکومت سندھ کی انتقامی کارروائیوں کے خلاف سندھ میں پہیہ جام ہڑتال کی دھمکی

پاناما لیکس اپنی جگہ لیکن اعلیٰ عدالتیں پہلے سندھ میں ہونے والی اربو کی کرپشن کاازخودنوٹس لیں،سندھ میں حکومتی ادارے کرپشن سے تباہ ہوچکے ہیں، ترقی کے اعتبار سے سندھ کو 10 سال پیچھے دھکیل دیا گیا ہے، پیرپگارا کی اجلا س کے بعد صحافیوں سے گفگتو

ہفتہ 30 اپریل 2016 22:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 اپریل۔2016ء) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے حکومت سندھ کی انتقامی کارروائیوں کے خلاف سندھ میں پہیہ جام ہڑتال کی دھمکی دے دی ہے۔گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا اجلاس کنگری ہاؤس میں ہفتہ کو حروں کے روحانی پیشوا پیرپگاراکی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرارباب غلام رحیم،وفاقی وزیر غلام مرتضی جتوئی،پیرصدرالدین شاہ راشدی،ڈاکٹرذوالفقارمرزا،مخدوم فضل،ایازلطیف پلیجو، عرفان اﷲ مروت سمیت دیگرنے شرکت کی۔

بعدازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پیرپگارانے کہاکہ پاناما لیکس اپنی جگہ لیکن اعلیٰ عدالتیں پہلے سندھ میں ہونے والی اربوں روپے کی کرپشن کاازخودنوٹس لیں ۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں حکومتی ادارے کرپشن سے تباہ ہوچکے ہیں، ترقی کے اعتبار سے سندھ کو 10 سال پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کرپشن روکنے کے ایک نکاتی ایجنڈے پر قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کو عام آدمی کو پاناما لیکس کا کچھ پتہ نہیں ہے اور نہ ہی انہیں اس سے کچھ واسطہ ہے۔ پیر پگارا نے کہا وزیراعظم نوازشریف پاناما لیکس پر پہلے ہی خط لکھ دیتے تو اتنا شورشرابا نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس پر مزید نام آنے سے صورت حال اور خراب ہوگی جبکہ سندھ میں ہمارے ورکرز کے خلاف بڑھتی ہوئی انتقامی کارروائیاں پاناما سے زیادہ بے چینی پیدا کررہی ہے۔

انہوں نے کہا سندھ کے عوام کو پاناما لیکس سے واسطہ نہیں ہے وہ یہ جانتے ہیں کہ خاکروب کی ملازمت بھی 5 لاکھ سے کم میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا سندھ کو جان بوجھ کر تباہ کیا گیا ہے، نوازشریف نے سندھ میں سب کچھ زرداری کے حوالے کردیا جس کا نتیجہ یہ نکلا سندھ میں نون لیگ والے گھروں پر بیٹھ گئے ہیں کیونکہ لیگی ورکرز کا کسی اور پارٹی میں جانا مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات انتہائی مشکل ہوں گے اور آصف علی زرداری کو موجودہ ارکان اسمبلی بھی نہیں ملیں گے۔ پیرپگارانے کہا کہ میاں صاحب نے سب کچھ پیپلزپارٹی کے حوالے کردیا اور سندھ کے عوام کو بے یارومددگار چھوڑ دیا ہے۔ سندھ کی عوام کے مشکلات کے ازالے کے لیے گرینڈڈیموکریٹک الائنس اپنا کردار ادا کرے گی اور ہم کرپشن کے خاتمے کے لیے بھرپور تحریک چلائیں گے۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے ترجمان ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ 22 مئی کو حیدرآباد جبکہ 5 جون کو کراچی میں ورکرز کنونشن منعقد کیے جائیں گے۔ حیدرآباد کنونش حوروں کے روحانی پیشوا پیرپگارا کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیاہے کہ ہمارے ورکرز کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند نہ ہوئیں تو سندھ میں پہیہ جام ہرتال کی کال دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں اربوں روپے کی کرپشن کے خلاف سپریم کورٹ بالخصوص سندھ ہائی کورٹ اس کا نوٹس لے اور فوری طور پر کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی، اسپین، لندن، برازیل، فرانس سمیت دیگر ممالک میں آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کے دیگر رہنماؤں کی جائیدادوں کی خلاف تحقیقات کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں سندھ کا نمائندہ جی ڈی اے کی مشاورت سے نامزد کیا جائے۔

ایازلطیف پلیجو نے کہا کہ نوازشریف نے 3 برس سے سندھ کو نظرانداز کررکھا ہے، پیپلزپارٹی سے تعلقات کی خاطر وزیراعظم نے حکومت سندھ کی کرپشن پر آنکھیں بند کرلی ہیں۔ وزیراعظم کو پاناما لیکس پر پیپلزپارٹی کی تحریک چلانے کی دھمکیوں پر سبق سیکھنا چاہیے اور اب انہیں معلوم ہوجانا چاہیے کہ پیپلزپارٹی ان کے ساتھ ہے یا نہیں؟ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب سندھ کی عوام کو بتائیں ان کی وفاقی حکومت نے سندھ کو کون سا ترقیاتی منصوبہ دیا ہے۔

آج تک سندھ کو کوئی ترقیاتی پیکیج نہیں دیا گیا، گیس کی پیداوار میں خودکفیل ہونے کے باوجود سندھ کے عمرکوٹ، مٹھی اور بہت سے شہروں میں گیس کی سہولت میسر نہیں ہے۔ ایازلطیف پلیجو نے کہا کہ آصف زرداری، شاہِ ایران،کرنل قذافی اور حسنی مبارک کی کرپشن سے سبق سیکھیں، کرپشن کا نتیجہ بالآخر وہی نکلتا ہے جو حشر ان حکمرانوں کا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اگست میں سندھ کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں جلسے منعقد کرے گا۔

وفاقی وزیرمرتضیٰ جتوئی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ کو جس طرح نظرانداز کیا ہے اس معاملے پر سندھ سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزراء جلد وزیراعظم سے ملاقات کریں گے اور ہم وفاقی کابینہ میں بھی یہ مسئلہ اٹھائیں گے۔ پیر صدرالدین شاہ نے اس موقع پر کہا کہ ہم نے ہمیشہ وفاقی کابینہ میں سندھ کے حق کی بات کی ہے۔ مگر اب پانی سر سے گزرچکا ہے، سندھ کے حقوق کے لیے وزیراعظم سے دوٹوک بات کریں گے اور سندھ میں ہونے والی کرپشن پر کوئی سمجھوتہ یا خاموش رہنا مجرمانہ فعل ہوگا۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے کہا کہ کرپٹ حکومت سندھ نے صوبے کو تباہ وبرباد کردیا ہے، میری حکومت کی کارکردگی موجودہ حکومت سے کہیں زیادہ بہتر تھی۔ ڈاکٹر ذوالفقارمرزا نے کہا کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سندھ کے غریب لوگوں کی آواز بن چکا ہے۔ سندھ حکومت کے مظالم سے تنگ لوگوں کو پاناما سے نہیں آصف زرداری اور اس کی ٹیم کی کرپشن سے واسطہ ہے۔

آصف زرداری اور اس کی ٹیم پاناما سے بڑا کینسر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں زمینوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیے جانے کی آڑ میں غریب کسانوں پر ایک اور ظلم برپا کردیا گیا ہے۔ آصف زرداری اور فریال تالپور غریب کسانوں کی زمینیں ہتھیاکر اپنے نام پر چڑھارہے ہیں۔ عرفان اﷲ مروت نے کہا کہ کراچی میں 5 جون کو ہونے والا کنونشن حکومت کے خلاف ایک نئی تحریک کی بنیاد رکھے گا، ہم انتقامی کارروائیوں سے خوف ہونے والے نہیں ہے، موجودہ سندھ حکومت کو اس کو منطقی انجام تک پہنچاکر دم لیں گے۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنماؤں نے حکومت کو متنبہ کیا اگر سندھ میں انتقامی کارروائیاں بند نہ کی گئیں تو عوام کو سڑکوں پر آنے کی کال دیں گے۔ اس موقع پر ایازلطیف پلیجو نے کراچی اور حیدرآباد کنونشن کے لیے کمیٹیوں کے قیام کا بھی اعلان کیا۔