Live Updates

لاہور میں تحریک انصاف کے جلسے میں بدنظمی، خواتین کے ساتھ ایک بار پھر بدتمیزی کا واقعہ سامنے آگیا

شہباز شریف نے غنڈے بھیج کر ہمارے جلسے میں بدنظمی کرائی، (ن) لیگ کے غنڈوں کو نہیں چھوڑیں گے،اگر پولیس نے کوئی ایکشن نہ لیا تو برا ہو گا ،تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق کی نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 1 مئی 2016 22:41

لاہور میں تحریک انصاف کے جلسے میں بدنظمی، خواتین کے ساتھ ایک بار پھر ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے لاہور میں جلسے میں بدنظمی اور ایک بار پھر خواتین کے ساتھ بدتمیزی کاواقعہ سامنے آگیا ۔ترجمان تحریک انصاف نے واقعے کو مسلم لیگ (ن) کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے غنڈے بھیج کر ہمارے جلسے میں بدنظمی کرائی ۔

(جاری ہے)

اتوار کو نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف کے لاہور کے مال روڈ چیئرنگ کراس پر ہونے والے جلسے میں ایک مرتبہ پھر بدنظمی دیکھی گئی اس دوران خواتین سے بدتمیز ی کی گئی ۔

تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں پہلے تو بدنظمی کو ماننے سے انکار کردیا اور بعدازاں اپنی گفتگو میں کہا کہ جلسے میں بدنظمی پھیلانے والے مسلم لیگ (ن) کے غنڈے ہیں ۔میاں شہباز شریف نے بدمعاشی کرنے اور بدنظمی پھیلانے کے لئے انہیں ہمارے جلسے میں بھیجا ۔انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ (ن) لیگ کے غنڈوں کو چھوڑیں گے نہیں انہیں پولیس کے حوالے کریں گے اگر پولیس نے کوئی ایکشن نہ لیا تو برا ہو گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات