وزیراعظم میاں نوازشریف کا لوڈشیڈنگ میں کمی کادعوی گرمی نے پگھلا کررکھ دیا‘ لاہور میں 10سے12گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 2 مئی 2016 11:52

وزیراعظم میاں نوازشریف کا لوڈشیڈنگ میں کمی کادعوی گرمی نے پگھلا کررکھ ..

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-میاں محمد ندیم سے۔02مئی۔2016ء) وزیراعظم میاں نوازشریف کا لوڈشیڈنگ میں کمی کادعوی دودن میں ہی گرمی نے پیگھلا کررکھ دیا-وزیراعظم نے ہفتہ کے روزلاہور میں طویل بریفنگ کے دوران دعوی کیا تھا کہ لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے مگر اتوار اور پیر کے روزدرجہ حرارت44ڈگری سینٹی گریڈپارکرنے پر لاہور کے کئی علاقوں میں 10سے12گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی ہے جبکہ کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ14گھنٹوں تک جا پہنچا ہے-لیسکو ذارئع کا کہنا ہے کہ انہیں نہیں معلوم کہ وزیراعظم کی جانب سے لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی کا دعوی کن وجوہات کی بنا پر کیا گیا مگر لیسکو نے دستیاب بجلی ہی شہریوں کو فراہم کرنا ہے اور لیسکو کا شارٹ فال گرمی کی شدت کے ساتھ بڑھنا شروع ہوگیا ہے جسے پورا کرنے کے لیے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ ناگزیرہے -لیسکو ذرائع کا کہنا ہے کہ حسب معمول صارفین کو گرمی کا سیزن بدترین لوڈشیڈنگ کے ساتھ ہی گزارنا پڑے گا کیونکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 2016میں متوقع طور پر بجلی کی کھپت میں1500میگا واٹ سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے سال2015میں لیسکو کی ڈیمانڈ7500میگاواٹ سے زیادہ تھی اور اسے2000میگا واٹ کے قریب شارٹ فال کا سامنا رہا جبکہ رواں سال کے بارے میں کہا جارہا ہے لیسکو کی ڈیمانڈمیں تقریبا1500میگا واٹ اضافہ متوقع ہے جس سے کمپنی کا شارٹ فال3500میگا واٹ سے بھی زیادہ ہونے کا خدشہ ہے جسے پورا کرنے کے لیے کمپنی کو لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کرنا پڑے گا اور صورتحال 2015کے مقابلے میں بدترین ہوسکتی ہے-