Live Updates

اپوزیشن کی دو بڑی جماعتیں پانامہ پیپرز پر سیاست کر رہی ہیں ، پیپلز پارٹی تجربہ کار جماعت ہے عمران خان انہیں استعمال نہیں کر پائیں گے ،کمیشن کی تشکیل کے لئے ہم سپریم کورٹ کو حکم نہیں دے سکتے ، بات چیت کے دروازے کبھی بند نہیں ہوئے یقین ہے کہ ہم اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کے ذریعے کوئی راستہ نکال لیں گے

وفاقی وزیر برائے ریلوے امور خواجہ سعد رفیق کی نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

پیر 2 مئی 2016 22:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر برائے ریلوے امور خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی دو بڑی جماعتیں پانامہ پیپرز پر سیاست کر رہی ہیں ، پیپلز پارٹی تجربہ کار جماعت ہے عمران خان انہیں استعمال نہیں کر پائیں گے ،کمیشن کی تشکیل کے لئے ہم سپریم کورٹ کو حکم نہیں دے سکتے ۔وہ پیر کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تجاویز میں اگر کوئی موثر بات ہوئی تو اس کو جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز میں شامل کرنے پر اعتراض نہیں ہو گا۔ ہم نے اپوزیشن کے مطالبے پر چیف جسٹس کو خط لکھ دیا ہے اب سپریم کورٹ کے جواب کا انتظار کرنا چاہیے۔حکومت کمیشن کی تشکیل کے لئے سپریم کورٹ کو حکم نہیں دے سکتی ۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اپوزیشن کی دو بڑی جماعتیں پانامہ پیپرز پر سیاست کر رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی میں دوڑ لگی ہوئی ہے ۔ پیپلز پارٹی تجربہ کار جماعت ہے عمران خان انہیں استعمال نہیں کر پائیں گے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ میاں نوازشریف کا بھٹو اور محترمہ کے دور میں احتساب ہوا اور وہ سرخرو ہوئے پھر پرویز مشرف دور میں بھی کڑا احتساب ہوا مگر ہم اس میں بھی سرخرو ہو کر نکلے ۔پانامہ کمیشن پر اپوزیشن کا حتمی نقطہ نظر سامنے آنے کے بعد اپنا ردعمل دیں گے ۔اپوزیشن سے بات چیت کے دروازے نہ پہلے بند کئے نہ اب کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ 1985سے لیکر 2016تک ہم سب کے گوشوارے موجود ہیں ۔سعد رفیق نے کہا کہ بات چیت کے دروازے کبھی بند نہیں ہوئے مجھے یقین ہے کہ ہم اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کر کے کوئی راستہ نکال لیں گے ۔ہم اپوزیشن سے ہمیشہ رابطے میں رہتے ہیں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات