Live Updates

عمران خان کی وزیراعظم کو پیشکش کہ آؤ احتساب کا عمل آپ اور مجھ سے شروع کرتے ہیں، ایک طرف کرپشن بچاؤ اور دوسری طرف کرپشن ہٹاؤ تحریک ہے،میاں صاحب ضمیروں کے سوداگر ہیں،اپوزیشن کو خریدنے کی کوشش کرینگے،اپوزیشن کے ٹی اوآرز زبردست ہیں، احتساب ہوگیا تو پاکستان بدل جائیگا،مولاناکسی نے ایسی حرکتیں نہیں کیں جو آپ کررہے ہیں،اگر حکومت کسی طرف نہ آئی تو رائیونڈ کا گھیراؤ کرنے ضرور جائینگے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عمرہ ادائیگی کیلئے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 6 مئی 2016 19:12

عمران خان کی وزیراعظم کو پیشکش کہ آؤ احتساب کا عمل آپ اور مجھ سے شروع ..

( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06مئی۔2016ء) :پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم کو پیش کش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان دو حصوں میں بٹ چکا ہے ایک طرف کرپشن بچاؤ اور دوسری طرف کرپشن ہٹاؤ تحریک ہے،میاں صاحب چاہتے ہیں تو آؤ احتساب کا عمل آپ اور مجھ سے شروع کرتے ہیں،آف شور کمپنیوں میں وزیراعظم اور بچوں کا نام آیا ہے،میاں صاحب جواب دینے کی بجائے جلسے کررہے ہیں، یاد رکھیں وزیراعظم اس معاملے کو طول دینگے،میاں صاحب ضمیروں کے سوداگر ہیں،اپوزیشن کو خریدنے کی کوشش کریں گے،اپوزیشن کے ٹی اوآرز زبردست ہیں اگر احتساب ہوگیا تو پاکستان بدل جائیگا،اگر حکومت کسی طرف نہ آئی تو رائیونڈ کا گھیراؤ کرنے ضرور جائینگے۔

انہوں نے عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانگی سے قبل آج یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کے باعثچار حلقے کھولنے کیلئے کہا تھا اگر چار حلقے کھول دیتے تو دھرنا نہ دیتے۔

(جاری ہے)

لیکن دھرنا دیا اور پھر اڑھائی سال بعد انکوائری میں الیکشن میں فراڈ ثابت ہوگیا۔انہوں نے کہاکہ آئسلینڈ کے وزیراعظم کی بیوی پر الزام لگا تو وزیراعظم نے استعفیٰ دیدیا۔

وزیراعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ پاناما پیپرز سے ملکی ترقی کو نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ پاناما پیپرز کاملکی ترقی سے کوئی تعلق نہیں۔عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کا کام ہے کہ کوئی قانون توڑے تو نشاندہی کرے جبکہ حکومت کاکام ہے کہ مجرموں کو پکڑ کر احتساب کرے ،نہ کہ حکومت بلیک میل کرنا شروع کردے کہ آپ کی بھی آف شور کمپنی ہے۔جبکہ حکومت کا کام مجرموں کو پکڑنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان دو حصوں میں بٹ چکا ہے ایک طرف کرپشن بچاؤ اور دوسری طرف پورا پاکستان کرپشن ہٹاؤ تحریک کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے ٹی اوآرز زبردست ہیں اگراحتساب ہوگیا تو پاکستان بدل جائیگا۔اسلام آباد اور لاہور دونوں جلسوں کی رپورٹس کل پولیس کو بھی دینگے ۔فیصل آباد جلسے کو خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کی تیاری کے سلسلہ میں ملتوی کیا گیا ہے اب جلسے کیلئے بھرپور تیاری کررہے ہیں ۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سے پوچھتا ہوں کہ آپ کرپشن بچاؤ تحریک میں کیسے چلے گئے؟آپ تو اسلامی ہیں۔مولاناکسی نے ایسی حرکتیں نہیں کیں جو آپ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ درانی صاحب بنوں کے مولا جٹ ہیں۔ درانی صاحب آپ آئیں میں بنی گالا میں آپ کا انتظار کرونگا۔رائیونڈکا نظام ہمارے پیسے سے چلتا ہے۔باہر کے ممالک میں بھی احتجاج ہوتے ہیں۔ میاں صاحب کون سے بادشاہ ہیں؟کیا میاں صاحب مغل اعظم ہیں،حسنی مبارک ہیں یا صدام حسین ہیں کہ ان رائیونڈ میں احتجاج نہیں ہوسکتا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات