وزیراعلیٰ پنجاب سے چائنہ سٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن کے صدر کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد کی ملاقات

سی پیک منصوبے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ہیں،عوام کی تقدیربدل جائیگی،پاکستان اورچین کے تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں، 46ارب ڈالر کا چینی سرمایہ کاری پیکیج پاکستان کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے ،شہبازشریف کی گفتگو

ہفتہ 7 مئی 2016 23:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 مئی۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ہفتہ کو یہاں چائنہ سٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن کے صدرژیانگ ژوئی ژوان کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی،اس موقع پرصوبہ پنجاب میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں اور پینے کے صاف پانی کے پراجیکٹ میں اشتراک کاربڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چائنہ سٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن نے پنجاب میں انفراسٹرکچر اورپینے کے صاف پانی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری پر دلچسپی کا اظہارکیااوراس ضمن میں تعاون مہیا کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چائنہ سٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن کے صدر کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورچین کے تعلقات ہر آنے والے دن میں مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں اورچین کی جانب سے پاکستان کے لئے 46ارب ڈالر کا سرمایہ کاری پیکیج ایک عظیم تحفہ ہے ۔

(جاری ہے)

چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت پنجاب سمیت ملک بھر میں منصوبوں پر انتہائی تیزرفتاری سے کام کو آگے بڑھایا جارہا ہے ۔ سی پیک کے تحت ملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کے روشن سفر کاآغاز ہوچکا ہے ۔سی پیک کے منصوبے پاکستان کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورہماری خوشحالی اورترقی کا ضامن ہے،جس پر عملدر آمد کیلئے دن رات ایک کررکھا ہے۔

چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورچین کی قیادت اورعوام کا پاکستان کیلئے ایک ایسا عظیم اورشاندار تحفہ ہے جسے کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔سی پیک پاکستان اورچین کی بے مثال دوستی کا عکاس ہے ۔سی پیک سے پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوئی ہے اور اس نے دونوں ممالک کے تعلقات کو بے مثال بنا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک صرف 46 ارب ڈالر کا پیکیج نہیں بلکہ یہ پاکستان اور چین کی بے مثال دوستی کاآئینہ دار ہے اور چینی قیادت کی پاکستان کیساتھ مخلصانہ محبت اورایثار کا بین ثبوت ہے،چین کے صدر ،وزیراعظم اور پاکستان کے وزیراعظم محمد نوازشریف نے سی پیک کو حقیقی شکل دینے میں نمایاں کردارادا کیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب سمیت پاکستان بھر میں توانائی کے منصوبوں پر انتہائی تیزرفتاری کے ساتھ کام کا آغاز ہوچکا ہے اورسی پیک کے منصوبوں میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی کیونکہ یہ منصوبے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ہیں اوران منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان کے عوام کی تقدیر بدلے گی۔انہوں نے کہا کہ چین کی ترقی ہمارے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے اور ہم چین کی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر ترقی کرسکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت اپنے وسائل سے بھی توانائی ،انفراسٹرکچر اور سماجی شعبوں کی بہتری کے منصوبوں کو مکمل کررہی ہے ۔وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں منصوبوں کی تیزرفتاری اور شفافیت سے تکمیل کے کلچر کو فروغ دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چائنہ سٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن پنجاب میں مختلف منصوبوں میں دل کھول کر سرمایہ کاری کرے،انہیں ہرممکن سہولتیں دیں گے۔

صدر چائنہ سٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن ژیانگ ژوئی ژوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے لاہورسمیت پنجاب میں اعلی معیار کیساتھ منصوبوں کو آگے بڑھایا ہے ۔ شہبازشریف کے عوامی خدمت کے ویژن سے بہت متاثر ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں ۔پنجاب حکومت کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھائینگے۔وفد میں سی ایس سی ای سی اوورسیز آپریشنز کے صدر لی جی چن( (Mr. Li Ji Qin اور دیگر اعلیٰ عہدیداران شامل تھے۔چینی قونصل جنرل یو بورن، صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک، چیئرمین پنجاب صاف پانی کمپنی ایم پی اے کاشف پڈھیار، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔