اوورسیز پاکستانیز ملک کی معاشی شہ رگ ہیں‘ ان کے تمام مسائل حل کریں گے،رانا مشہود

ایل ڈی اے‘ بحریہ ٹاؤن اور دیگر ادارے 2ہفتوں میں اوورسیز پاکستانیوں کے الاٹمنٹ کے مسائل حل کریں صوبائی وزیر کی زیرصدارت اجلاس میں متاثرہ اوورسیز پاکستانیوں کے ذاتی سطح پر مسائل سنے گئے

ہفتہ 7 مئی 2016 23:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 مئی۔2016ء ) ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا اجلاس ہفتہ کو یہاں صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خان کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو لاہور کی مختلف رہائشی کالونیوں میں الاٹ کئے گئے پلاٹس کے حوالے سے درپیش مشکلات کے حل کے سلسلے میں موقع پر ہدایات جاری کی گئیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کمشنراوورسیز پاکستانیز کمیشن افضال بھٹی‘ ڈی جی اوورسیز پاکستانیز کمیشن خواجہ داؤد‘ سی سی پی او لاہور امین وینس‘ ایم پی اے رانا لیاقت اور ایل ڈی اے و بحریہ ٹاؤن کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں متاثرہ اوورسیز پاکستانیوں کے انفرادی سطح پر بھی الاٹمنٹ سے متعلق کیسز سنے گئے اور صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو عرصہ دراز سے لٹکے ہوئے کیسز کو 2 ہفتوں میں کلیئر کرانے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیرنے ایل ڈی اے اور بحریہ ٹاؤن کے حکام کو بھی سختی سے ہدایت کی کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے مشکلات کھڑی کرنے کی بجائے ان کی مدد کریں کیونکہ یہ محنت کش طبقہ وطن عزیز کے لئے ہر سال اربوں روپے کا زرمبادلہ بھیج کر ملک کو معاشی شہ رگ کا کردار ادا کرتا ہے۔