وزیراعلیٰ پنجاب سے افغانستان کے سفیر ڈاکٹر حضرت عمر زخیلوال کی ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال دہشت گردی و انتہاپسندی اقوام عالم کا مشترکہ مسئلہ ہے ، نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات کرنا ہونگے ،شہبازشریف

ہفتہ 7 مئی 2016 23:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 مئی۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ہفتہ کو یہاں پاکستان میں افغانستان کے سفیر ڈاکٹر حضرت عمرزخیلوال نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے افغان سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان تاریخی برادرانہ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں تاہم دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے اوراس ضمن میں تجارتی و کاروباری وفود کے تبادلوں سے معاشی تعلقات میں اضافہ ہوگااوراس کو مدنظر رکھ کر دونوں ملکوں کو تجارتی، معاشی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات کرنا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں کو دہشت گردی کے ناسور کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

دہشت گردی اور انتہاپسندی اقوام عالم کا مشترکہ مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امن کے سفر پر پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ خطے کی پائیدار ترقی کیلئے امن کا قیام ضروری ہے۔ افغان سفیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملکوں کو معاشی و تجارتی تعلقات بڑھانے کیلئے مزید کام کرنا ہے ۔