امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے، مگر یہ اتنے کمزورنہیں کہ کسی ایک مسئلے سے ٹوٹ جائیں

پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کا اہم اتحاد ی ہے ،پاکستان کی دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں کامیابی پوری دنیا کی کامیابی ہے، ایف۔16طیارے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اہم ثابت ہوں گے، پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی سے پوری دنیا محفوظ ہو گی،سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کی نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 8 مئی 2016 23:12

امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے، مگر یہ اتنے کمزورنہیں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 مئی۔2016ء) سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے مگر یہ اتنے کمزورنہیں کہ کسی ایک مسئلے کے سامنے آنے سے ٹوٹ جائیں ، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کا اہم اتحاد ی ہے ،پاکستان کی دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں کامیابی پوری دنیا کی کامیابی ہے ۔

وہ اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ہم نے بہت جوش اور برد باری سے یہ جنگ جیتی ہے ۔پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کا اہم اتحادی ہے ۔امریکہ کے ساتھ عمومی طور پر ہمارے اچھے تعلقات رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس میں پاکستان کی حمایت میں بھی آوازاٹھائی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

دونوں ملکوں کے تعلقات میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے مگر اس کا ہرگز مطلب یہ نہیں کہ ایک مسئلے کی وجہ سے تعلقات مکمل طور پر ختم ہو گئے ہیں اور نہ ہی پاک امریکہ دوستی اتنی کمزور ہے کہ وہ کسی ایک مسئلے کے سامنے آنے سے ٹوٹ جائے ۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ ہمارا اپنا ایک نقطہ نظر ہے اور ہم امریکہ کو یہ باور کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ دہشت گردی کی اس جنگ میں وہ ہمارے ساتھ رہے ہیں اور اب بھی ہمارا ساتھ دیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے افغانستان میں امن کے لئے بڑے اخلاص کے ساتھ کوششیں کی ہیں اور ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ وہاں کا امن ہمارے لئے بھی فائدہ مند ثابت ہو گا۔اعزاز چوہدری نے کہا کہ ہمارے وزیراعظم نے کابل میں افغان صدر اشرف غنی کے سامنے یہ بیان دیا تھا کہ افغانستان کے دشمن پاکستان کے دوست نہیں ہوں گے یہ بہت واضح پیغام تھا اور ہم اس پر قائم ہیں ۔

ہم نہیں چاہتے کہ کسی قسم کی پر تشدد کاروائیاں افغانستان میں ہوں ہم چاہتے ہیں کہ افغان طالبان اور حکومت کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوں ۔اعزاز چوہدری نے کہا کہ ایف۔16طیارے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اہم ثابت ہوں گے ان طیاروں کی خریداری میں 60فیصد تک کی قیمت امریکہ کی جانب سے ادا کی جانی تھی جبکہ باقی کے 40فیصد کے پیسے پاکستان نے ادا کرنے تھے کیونکہ یہ جہاز دہشت گردی کے خلاف کاروائیوں کے لئے درکار ہیں اور دہشت گردی کو ختم کرنا پاکستان اور امریکہ کی مشترکہ کاوش تھی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اگر دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت جاتا ہے تو اس سے پوری دنیا محفوظ ہو گی اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ امریکہ کو ان طیاروں میں حصہ ادا کرنا چاہیے۔اعزاز چوہدری نے کہا کہ امریکہ میں کچھ پاکستان مخالف لابیز کام کر رہی ہیں جس وجہ سے کچھ مسائل کا سامنا ہے امید ہے یہ مسائل جلد ہی حل کر لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دہشت گردی کے خلاف کافی کامیابی حاصل ہوئی ہے مگر دہشت گرد مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے ہمیں ان کے خلاف ایک کاؤنٹر نیریٹو کی ضرورت ہے اور پوری قوم کو مل کر دہشت گردوں کے ایجنڈے کے خلاف کام کرنا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :