پاناما لیکس کی نئی دستاویزات (کل ) منظر عام پر آئیں گی

400سے زائد پاکستانیوں کے نام سامنے آ نے کا امکان ،2 لاکھ کمپنیوں کا ریکارڈ بھی آن لائن دستیاب ہوگا،صارفین کو آف شور کمپنی کے مالکوں کے متعلق مخصوص معلومات تک رسائی ہوگی ،آئی سی آئی جے

اتوار 8 مئی 2016 23:12

پاناما لیکس کی نئی دستاویزات (کل ) منظر عام پر آئیں گی

پاناماسٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 مئی۔2016ء) دنیا بھر میں سیاسی دھماکا کرنے والی پاناما لیکس کی(کل) پیر کو مزید نئی دستاویزات جاری کی جائیں گی جن میں 400 سے زائد پاکستانیوں کے نام سامنے آ نے کا امکان ہے ،2 لاکھ کمپنیوں کا ریکارڈ بھی آن لائن دستیاب ہوگا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور بین الاقوامی سیاست میں بھونچال لانے والے پاناما لیکس کا دوسرا دھماکا (کل ) ہونے جا رہا ہے ۔

نئی دستاویزات میں 400 سے زائد پاکستانیوں کے نام بھی منظر عام پر آسکتے ہیں ۔ ان میں زیادہ تعداد کاروباری شخصیات کی ہے اور ان میں سے بھی زیادہ تر کا تعلق کراچی اور لاہور سے ہے ۔ دو لاکھ سے زائد آف کمپنیوں کا ریکارڈ بھی آن لائن دستیاب ہو گا ۔ آئی سی آئی جے کا کہنا ہے کہ دو لاکھ سے زائد آف شور کمپنیوں کا ریکارڈ جلد آن لائن ڈیٹا بیس پر دستیاب ہو گا ، تاہم صارفین کو آف شور کمپنی کے مالکوں کے متعلق مخصوص معلومات تک رسائی ہوگی ۔

(جاری ہے)

پاناما لیکس کی پہلی قسط آنے پر پاکستان سمیت کئی ممالک میں خوب ہلچل مچی ۔جب کہ آئس لینڈ کے وزیراعظم کو آف شور کمپنیاں رکھنے کے باعث استعفی دینا پڑا، یہی نہیں برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے خلاف ہزاروں افراد نے ریلیاں نکالی جس پرانہیں ایوان میں آکروضاحت کرنا پڑی اور کئی ممالک کے رہنما اب بھی اپنی صفائیاں پیش کررہے ہیں۔۔واضح رہے کہ پانامالیکس کے پہلے ایڈیشن میں وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادوں کے نام سامنے آنے پر وزیراعظم نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا اعلان کیا تھا جس کے ٹی او آرز کو اپوزیشن نے مسترد کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :