پانامہ لیکس پر متحد اپوزیشن جماعتیں 12 مئی کو خیبر پختونخوا کی نشست پی کے 8 پر ہونے والے ضمنی انتخابات پر منتشر ہوگئیں

پیر 9 مئی 2016 22:49

پانامہ لیکس پر متحد اپوزیشن جماعتیں 12 مئی کو خیبر پختونخوا کی نشست ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مئی۔2016ء) پانامہ لیکس پر متحد اپوزیشن جماعتیں 12 مئی کو خیبر پختونخوا کی نشست پی کے 8 پر ہونے والے ضمنی انتخابات پر منتشر ہوگئی ہیں۔ ضمنی الیکشن کے حوالے سے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف آمنے سامنے آگئی ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے جنرل سیکریٹری اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشر ف نے خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط ارسال کیا ہے۔

(جاری ہے)

خط میں راجہ پرویز اشرف نے خیبرپختونوا کی حکومت کے خلاف سرکاری وسائل استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے۔ خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار کو جتوانے کے لئے حکومتی مشینری متحرک ہوگئی ہے اور مقامی انتظامیہ کو ووٹرز پر دباؤ ڈالنے کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔ پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ شفاف انتخابات کے لئے حلقے میں فوج تعینات کی جائے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومتی پارٹی کے امیدوار کو جتوانے کے لئے سرکاری کوششیں امن وامان خراب کرسکتی ہیں۔ واضح رہے کہ پی کے 8 مسلم لیگ (ن) کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی ارباب اکبر حیات کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ مذکورہ نشست پر پولنگ 12 مئی کو ہوگی۔