آصف علی زرداری پر لگائے گئے تمام الزامات میڈیا ٹرائل کا حصہ ہیں ،مشیر اطلاعات سندھ

لاہور میں بیٹھے ہوئے چند لوگ اپنے مالکوں کے گناہوں کو چھپانے کے لئے سازشیں تیار کررہے ہیں مولابخش چانڈیو

پیر 9 مئی 2016 22:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مئی۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے آصف علی زرداری پر لگائے گئے الزامات پر رد عمل دیتے ہوئے ان تمام الزامات کو رد کیا جو ایک نجی چینل کی طرف سے لگائے گئے ہیں انہو ں نے کہا کہ ہائیڈ پارک لندن میں آصف علی زرداری کی کوئی پراپرٹی نہیں ہے یہ خبر بالکل بے بنیاد اور من گھڑت ہے ۔

آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ نجی چینل کی جانب سے پروگرام میں دکھائی جانے والی پراپرٹی اگرثابت ہوجائے تو میں یہ تما م جائیداد پاکستان کے نامور سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کے حوالے کردوں گا ۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کے خلاف ماضی میں بھی اسی قسم کی بے بنیاد اوربے ہودہ الزامات لگتے رہے ہیں جو آج تک ثابت نہ ہوسکے انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف ماضی میں بھی کئی کیسز بنائے گئے ہیں اور ان جھوٹے کیسز کی بنیاد پر انہیں جیل میں رکھا گیا اور وہ تما م کیسز بالآخر غلط ثابت ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری ایک بااصول انسان ہیں اور وہ عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ان بے بنیاد خبروں کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمات جاری رکھی ہوئی ہیں ۔

(جاری ہے)

مشیر اطلاعات نے کہا ہے کہ لاہور میں بیٹھے ہوئے چند لوگ اپنے مالکوں کے گناہوں کو چھپانے کے لئے سازشیں تیار کررہے ہیں ایسی سازشیں میڈیا ٹرائل کا حصہ ہیں ہم ان لوگوں اور ان کی سازشوں سے اچھی طرح واقف ہیں پیپلز پارٹی الزامات سے گھبرانے والی نہیں ہے الزامات کا ہر دور میں سامنا کیا ہے اور اب بھی کریں گے پیپلز پارٹی غریب عوام کی جماعت ہے جس کے کوئی پوشیدہ اثاثے نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نجی ٹی وی اور اس کے اینکر کے خلاف کارروائی کے بارے میں سوچ بچار کررہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :