پانامہ لیکس میں کہیں بھی میرا اور بے نظیر بھٹو شہید کا نام نہیں، آئی سی آئی جے کی ویب سائٹ کے مطابق پیٹرو لائن انٹرنیشنل کمپنی میری یا محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی ملکیت نہیں ،نجی ٹی وی کا دعوی غلط ہے،لیگل ٹیم کو معاملے کی چھان بین کا حکم دے چکا ہوں،ذمہ داروں کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائرکرونگا

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سینیٹر رحمان ملک نے پیمرا میں نجی ٹی وی چینل کے خلاف درخواست دائر کردی،کارروائی کا مطالبہ

جمعرات 12 مئی 2016 23:08

پانامہ لیکس میں کہیں بھی میرا اور بے نظیر بھٹو شہید کا نام نہیں، آئی ..

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 مئی۔2016ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ آئی سی آئی جے کی ویب سائٹ کے مطابق پیٹرو لائن انٹرنیشنل کمپنی میری یا محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی ملکیت میں نہیں ہے بلکہ یہ کمپنی گولڈ سٹار ایکویٹی نامی ایک گروپ کی ہے ، پانامہ لیکس میں کہیں بھی میرا یا محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کا نام نہیں ہے ۔

جمعرات کو سینیٹر رحمان ملک نے پیمرا میں پیٹیشن درج کروائی اور اس میں چیئرمین پیمرا سے استدعا کی ہے کہ وہ اس ٹی وی چینل کے خلاف قانونی کارروائی کرے جس نے رحمان ملک کو پیٹرو لائن انٹرنیشنل کمپنی کا مالک قرار دیا ہے جب کہ میرا اس کمپنی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ رحمان ملک نے کہا کہ ایک نجی ٹی وی چینل نے اپنی ویب سائٹ میں مجھے لیٹویا کی پیٹرو لائن انٹرنیشنل کمپنی کا مالک قرار دیا ہے جب کہ آئی سی آئی جے کی ویب سائٹ کے مطابق یہ کمپنی میرے یا محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نام پر نہیں ہے بلکہ اس کا مالک گولڈ سٹارایکویٹی نامی ایک گروپ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرا اور محترمہ بے نظیر شہید کا پانامہ لیکس کہیں بھی نام موجود نہیں ہے ۔ میرے نام پر پانامہ میں کوئی آف شور کمپنی ،اکاؤنٹ یا کاروبار نہیں ہے ۔ رحمان ملک نے کہا کہ میں اپنی لیگل ٹیم کو معاملے کی چھان بین کا حکم دے چکا ہوں تاکہ ذمہ داروں کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا جا سکے