پانامہ لیکس، وزیر اعظم نواز شریف پیر کو ایوان میں بیان دیں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 13 مئی 2016 10:59

پانامہ لیکس، وزیر اعظم نواز شریف پیر کو ایوان میں بیان دیں گے

اسلام آباد(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 مئی 2016ء) : پانامہ لیکس کی پہلی قسط آنے کے بعد ہی سے ملک بھر میں پانامہ لیکس کے معاملے پر ایک سیاسی ہیجان پیدا ہو گیا ہے جس میں پانامہ لیکس کی دوسری قسط آنے پر مزید تیزی آئی۔ پانامہ لیکس کے معاملے پر اپوزیشن نے وزیر اعظم نواز شریف کے لیے 7 سوالوں پر مشتمل ایک سوالنامہ تیار کیا جس کا جواب وزیر اعظم نواز شریف نے یوم ھٰذا قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے دوران دینا تھا۔

لیکن وزیر اعظم نواز شریف نے ایوان میں آ کر پانامہ لیکس پر بات کرنے اور اپوزیشن کے سوالوں کا سامنا کرنے کے معاملے کو آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے میڈیا کو بتایا کہ وزیر اعظم جمعہ کے بجائے آئندہ ہفتے پیر کو قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیں گے ، جبکہ ایوان کا ماحول خوشگوار رکھنے کیلئے اپوزیشن سے معاملات بھی طے پاگئے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے ایوان میں خطاب کا پروگرام ، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی علالت اور جمعہ کو وقت کی کمی کے باعث ، تبدیل کیا گیا ۔ سپیکر کا کہنا تھا کہ پیر کو خورشید شاہ بھی اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ دوسری جانب اپنے سوالات کے جوابات کی منتظر اپوزیشن میں موجود قائد حزاب اختلاف سینیٹ اعتزاز احسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کو محض سات سوالوں کا ہی نہیں بلکہ ضمنی سوالات کا بھی جواب دینا ہوگا ۔ پی ٹی آئی کے شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی کا ماحول خوشگوار رکھنے کا وعدہ مشروط قرار دیا ۔