وزیراعظم نے پاناما پیپرز پر اپوزیشن کے تمام سوالوں کا جواب دے کر فراخدلی کا مظاہرہ کیا، اب اپوزیشن بھی سڑکوں پر نکلنے کی سیاست کی بجائے معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرے،وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی کی پی ٹی وی سے گفتگو

پیر 16 مئی 2016 22:58

اسلام آباد ۔ 16 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ حکومت پاناما پیپرز معاملے کے شفاف حل کیلئے شروع دن سے کلیئر ہے جبکہ اپوزیشن بار بار اپنے مطالبات بدل رہی ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف کا نام پاناما پیپرز میں نہ ہونے کے باوجود انکا خود کو احتساب کیلئے پیش کرنا ایک احسن اقدام ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی پارلیمنٹ میں گزشتہ روز کی تقریر ایک جامع تقریر تھی جس میں اپوزیشن کے تمام سوالوں کے جواب بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے اپوزیشن کے تمام سوالوں کا جواب دے کر فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے، اب اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ جلسے، جلوس اور سڑکوں پر نکلنے کی سیاست کی بجائے تمام معاملات کو افہام و تفہیم کے ساتھ مل بیٹھ کر حل کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں تمام مسائل کے حل کا بہترین فورم پارلیمنٹ ہے لہذا ہمیں پارلیمنٹ کے اہم ترین فورم کے ذریعے ہی اپنے معاملات کا حل نکالنا چاہیے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے پارلیمنٹ میں اپنی تقریر کے دوران تمام حقائق پارلیمنٹ کے سامنے پیش کر دیئے جس کے بعد اب کسی شک و شبے کی گنجائش نہیں۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ بعض لوگ ملکی ترقی و خوشحالی سے خوفزدہ ہیں کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ ملک ترقی کرے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے متعدد ترقیاتی و فلاحی منصوبے شروع کر رکھے ہیں جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ بھی ملکی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے۔ وزیراعظم کے سیاسی مخالفین جانتے ہیں کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے انکی سیاست دفن ہو جائے گی اور 2018ء میں انہیں پھر ناکامی کا سامنا ہوگا، اسی وجہ سے وہ حکومت کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔