کراچی کو بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی اون کرتی ہے، فریال تالپور

کراچی کی ترقی کیلئے خصوصی پیکج دیا گیا ہے،سینئر رہنما پیپلز پارٹی کا سوک سنٹر میں اجلاس سے خطاب

منگل 17 مئی 2016 22:51

کراچی کو بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی اون کرتی ہے، فریال تالپور

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مئی۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے کہا ہے کہ وہ کراچی کو اپنا سمجھتی ہیں ۔ کراچی کو بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی اون کرتی ہے، کراچی کی ترقی کیلئے خصوصی پیکج دیا گیا ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی جانب سے کراچی میں ترقیاتی کاموں کیلئے دیئے جانے والے خصوصی پیکیج کے حو الے سے منگل کی شا م سوک سینٹر میں اجلاس ہوا۔

اجلاس میں پیپلز پارٹی کی رہنماء فریال تالپور ، سندھ کے وزیر بلدیات جام خان شورو، وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال اور مختلف محکموں کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی نے بریفنگ دی۔ اجلاس کے بعد فریال تالپورنے وزیربلدیات جام خان شوروکے ہمراہ سوک سینٹرکادورہ کیا،اور بعد ازیں میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ میں کراچی کو اون کرتی ہوں، میں بھی کراچی میں ہی رہتی ہوں، میں آپ سے اتفاق کرتی ہوں کہ کراچی میں کچرا ہے اور ہمیں اسے اٹھانا ہے۔

(جاری ہے)

فریال تالپور کا کہنا تھا کہ وہ کراچی کے شہریوں کے مسائل حل کروانے ہی سوک سینٹر آئی ہیں۔پانی کی قلت سے متعلق ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ جون-جولائی میں اکثر کراچی میں یہ مسئلہ جنم لے لیتا ہے جس کو دور کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا کہ کراچی کیلئے کے فورمنصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے، وفاقی حکومت نے کراچی کے ساتھ زیادتی کی ہے،کراچی میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ شارع فیصل کو چوڑا کرنے کے پروجیکٹ کیلئے 10 ارب روپے دیے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کراچی کے علاقے اسٹار گیٹ پر انڈر پاس بنایا جارہا ہے جبکہ گولیمار انڈر پاس تین ماہ میں مکمل ہوجائے گا۔