حکمرانوں کے دعوے ترقیاتی میگا پراجیکٹس اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پی ٹی وی سے شروع ہو کر اخبارات میں اشتہارات کی حد تک محدود ہیں، پی پی رہنماء

حکمران ٹولہ اپنے اثاثوں میں اضافہ اور انہیں بچانے کی غیر آئینی پالیسیوں پر گامزن جبکہ قومی اثاثوں کی اونے پونے داموں پر نیلامی کر کے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر نے کے درپے ہیں،مخدوم سید احمد محمود /عبدالقادرشاہین

بدھ 18 مئی 2016 22:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 مئی۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود اور پارٹی کے فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادرشاہین نے الزام عائد کیا ہے کہ حکمرانوں کے دعوے ترقیاتی میگا پراجیکٹس اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پی ٹی وی سے شروع ہو کر اخبارات میں اشتہارات کی حد تک محدود ہیں انکا حقیقت اور عملی اقدامات سے دور تک کا کوئی تعلق نہیں صرف الفاظی جمع تفریق اور بیانات تک محدود ہے۔

جبکہ ملک کے تمام ادارے کنگال خسارے میں اور وزیر اعظم کا ملک و بیرون ممالک کاروبار عروج اور ترقی کی بلندیوں پر پانامہ لیکس کے انکشافات نے شریف خاندان کی حقیقت بے نقاب کر کے پوری قوم ہی نہیں انہیں دنیا بھر میں انکی شرافت کے ڈھول کا پول کھول دیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا آفس سے جاری اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو ریاستی اداروں کے ذریعے کرپشن کے بے بنیاد الزامات میں ملوث اور انکی کردار کشی کرنیوالے حکمران ٹولہ کے وزیر اعظم خود کے بیٹوں کی بیرون ممالک آف شور کمپنیوں اور کاروبار کے منظر عام پر آنے کے بعد وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں پوری قوم اور اپوزیشن جماعتیں مطالبہ کر رہی ہیں کہ نواز شریف استعفیٰ دیکر اپنے خاندان او ر بیٹوں کے نام اثاثوں کی تفصیلات ظاہر اور انکی غیر جانبدارنہ تحقیقات کے لیے پارلیمنٹ میں موجود جماعتوں کی مشاورت سے جوڈیشنل کمیشن کا قیام عمل میں لا کر انکوائری کروائیں۔

کیونکہ قوم جانتی ہے کہ چار دہائیوں سے اقتدار میں رہنے والے شریف خاندان کے پاس اتنی دولت کہاں سے آئی اور انہوں نے اسے حکومت اور عوام سے کیوں چھپایا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت اندرون و بیرونی سنگین سازشوں کا شکار ہے حکمران ٹولہ اپنے اثاثوں میں اضافہ اور انہیں بچانے کی غیر آئینی پالیسیوں پر گامزن جبکہ قومی اثاثوں کی اونے پونے داموں پر نیلامی کر کے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر نے کے درپے ہیں۔

جو ملکی سلامتی جمہوریت اور آنے والی نسلوں کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ۔کہ عوام پہلے ہی حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور اقدامات کے باعث مہنگائی، بے روز گاری اور فاقہ کشی کا شکار سڑکوں پر احتجاج اورماتم کر رہے ہیں عوام کو تحفظ اور ریلیف دینے میں حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ امن و امان کی ابتر صورتحال محمد شاہ رنگیلے کے دور کی یاد تازہ کر رہی ہے کہ ملک کے اندر حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں۔ حکمران ملک و قوم کو مقروض اور چہیتوں کو نوازنے کے لیے میگا پراجیکٹس کے نام نہاد ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں لوٹ مار کر پالیسیوں پر گامزن ہیں ملکی داخلی و خارجی پالیسی کا وجود تک نہیں ہے۔