پنجاب حکومت جدید ٹیکنالوجی سے تعلیمی نظام میں انقلابی تبدیلیاں لا رہی ہے

53ہزار سکولوں کا مانیٹرنگ ڈیٹا عوام کیلئے اوپن کر دیا، ڈاکٹر عمر سیف

جمعہ 20 مئی 2016 23:03

لاہور۔20 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 مئی۔2016ء ) پنجاب آئی ٹی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدائت پر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے صوبہ کے تعلیمی نظام میں انقلابی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں ، وہ دن دور نہیں جب غریب کا بچہ بھی معیاری تعلیم حاصل کر سکے گا ۔انہوں نے یہ باتیں جمعہ کے روز ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہیں ،ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے 53ہزار سرکاری سکولوں میں ہونیوالی مانیٹرنگ کا ڈیٹا عوام کیلئے اوپن کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کی مانیٹرنگ پر مامور عملے کو 1143سمارٹ ٹیبلٹ دیے گئے ہیں جن کی بدولت ڈیڑھ سال میں دس لاکھ تک مانیٹرنگ فارموں کا ڈیٹا کمپیوٹرائز کیا جا چکا ہے، ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ ہرمانیٹرنگ اسسٹنٹ اب فرضی مانیٹرنگ کی بجائے حقیقی مانیٹرنگ کرتا ہے اور اس کا ثبوت رجسٹر حاضری، سکول انچارج اور اپنی تصویر کے ذریعے ہر روز کمپیوٹرائزڈ سسٹم میں بھجواتا ہے، اس سے اساتذہ اور طلبہ کی حاضری میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ کے عملے کو اساتذہ اور بچوں کی کارکردگی جانچنے کیلئے ٹیبلٹ میں درج سوالات دیے گئے ہیں جو وہ سکولوں میں جا کر بچوں سے پوچھتے ہیں اور ان کے جوابات بھی مرکزی نظام کا حصہ بن جاتے ہیں، اس طرح ہر سکول کی کارکردگی اعلیٰ حکام کے سامنے آجاتی ہے اور وہ کمزور نتائج دینے والے سکولوں پر زیادہ توجہ دینے کے قابل ہوتے ہیں، ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ اس نظام کے تحت صرف آٹھ ماہ میں ڈیڑھ کروڑ سوالات پوچھ کر ان کے جوابات اور تجزیہ بھی آن لائن دستیاب ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے ای۔

(جاری ہے)

لرن پنجاب پروگرام کے تحت چھٹی سے دسویں جماعت کے ریاضی اور سائنس کی کتب کو ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے جو آن لائن دستیاب ہیں اور ان سے طلبہ و اساتذہ دونوں مستفید ہو رہے ہیں، اس کے علاوہ اساتذہ کیلئے گائیڈ بکس اور بچوں کیلئے کہانیوں کی کتب بھی آن لائن فراہم کی گئی ہیں، ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ ان اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور اب سندھ و خیبر پختونخوا بھی انہیں اپنانے میں دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔