حکومت رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمہ کا اعلان کرے ‘ذکراﷲ مجاہد

بجلی پیدا کرنے کے متبادل ذرائع پر تیز ی سے کام کرنے کی ضرورت ہے‘ امیرجماعت اسلامی لاہور

ہفتہ 21 مئی 2016 19:48

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مئی۔2016ء) امیرجماعت اسلامی لاہور ذکراﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ حکومت رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمہ کا اعلان کرے ۔ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے گذشتہ روزمیڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سحر وافطار اور تراویح میں بجلی کے بغیر گزار ا ممکن نہیں کیونکہ گرمی کے موسم میں روزے کی حالت میں بجلی نہ ہونے پر لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پانی بھی غائب ہو جاتاہے جس کی وجہ سے عوام ضروری استعمال کے لیے پانی بھی حاصل نہیں کر پاتے ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں معمولات زندگی میں تبدیلی کی بناء پر بغیر بجلی گزارا انتہائی مشکل ہو گا۔ بجلی کی قلت کے باعث عوام بے شمار مشکلات کا شکار ہیں کاروبار زندگی مفلوج صنعتوں کا پہیہ جام ہو چکا ہے لوگ ذہنی اور جسمانی تناؤ کا شکار ہونے کی بنا پر بہت سی بیماریوں کا شکار ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اپنے کیے وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے تمام نمائش کے ترقیاتی کاموں کو چھوڑ کر زندگی کی بنیادی ضروریات پر توجہ دے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بجلی کی پیداوار اور طلب کو برابر کرنے کے لیے متبادل ذرایع سے بجلی پیدا کرنے کے فوری منصوبے بنائے اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنائے