انتظامیہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی طرف سے پیش کردہ تمام شکایات کا جائزہ لے کر سنجیدگی سے حل کرے گی‘ عبداﷲ خان سنبل

ہفتہ 21 مئی 2016 19:51

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مئی۔2016ء) حکومت پنجاب گڈز ٹرانسپورٹرز کے مسائل کا ادراک رکھتی ہے اور لاہور انتظامیہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی طرف سے پیش کردہ تمام شکایات کا جائزہ لے کر سنجیدگی سے حل کرے گی، غیر قانونی چالانوں کی شکایات کا ایس پی ٹریفک ہیڈکوارٹر جائزہ لیں گے جبکہ ٹرک اڈا بادامی باغ کے لیے سیوریج کی صورت حال کے لیے رپورٹ تین دن میں پیش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین چوہدری مختار کی زیر قیادت وفد کے ساتھ کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پولیس و ٹریفک پولیس، واسا، ایل ڈی اے کے افسران کے علاوہ ایڈمنسٹریٹر لاری اڈا لاہور نے بھی شرکت کی۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی جائیں اور ٹرکوں کی پارکنگ، چالانوں اور دیگر مسائل کے حوالے سے تفصیلاً رپورٹس طلب کی جائیں۔ انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ بھی آپ کے مسائل کے حوالے سے اور ان کے حل کے لیے ہونے والی پیش رفت کی رفتار کا جائزہ لیتے رہیں گے۔