فیصل آباد،ضلع میں رمضان بازاروں کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں، چوہدری عبدالحمید

بازاروں میں انتظامات چیک لسٹ کے مطابق ہونے چاہئیں جن کی باقاعدگی سے کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی،ای ڈی او زراعت

ہفتہ 21 مئی 2016 22:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 مئی۔2016ء) ضلع میں رمضان بازاروں کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں اور ان بازاروں میں انتظامات چیک لسٹ کے مطابق ہونے چاہیں جن کی باقاعدگی سے کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی۔یہ بات ڈی سی او سلمان غنی کی ہدایت پر ای ڈی او زراعت چوہدری عبدالحمید نے رمضان بازاروں کے انعقاد کاجائزہ لینے سے متعلق منعقدہ اجلاس کے دوران کہی جس میں اسسٹنٹ کمشنرز،ٹی ایم اوز اور مختلف محکموں کے افسران کے علاوہ گھی ملز،اشیائے ضروریہ کے تھوک وپرچون فروشوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

صدر اجلاس نے کہا کہ ضلع کے 19رمضان بازاروں بشمول دوماڈل بازاروں میں صفائی ستھرائی،سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب،معذوراوربزرگ شہریوں کی سہولیات،پارکنگ کے انتظامات اور سیکورٹی امورسمیت دیگر ضروری انتظامات رمضان بازاروں کے فنکشنل ہونے سے قبل مکمل ہونے چاہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹی ایم اوز سے کہا کہ رمضان بازاروں میں الیکٹرانک پرائس بورڈ نصب ہونے چاہیں جن پر اشیائے ضروریہ کی روزانہ کی قیمتیں نمایاں ہوں جبکہ ہر شے پر الگ سے پرائس ٹیک موجود ہو۔

اجلاس کے دوران رمضان بازاروں میں مارکیٹ کمیٹی کے سٹالز کا بہترین بندوبست کرنے کے امورکاجائزہ لیتے ہوئے گرین چینل سسٹم کے قیام اور اشیائے ضروریہ کی بلاتعطل سپلائی پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی گئی۔صدر اجلاس نے آئندہ ایام میں سبزیوں،دالوں،پھلوں کی سپلائی پر نظررکھنے کی تاکیدکی۔انہوں نے گھی ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے کہا کہ رمضان بازاروں میں ہربرانڈ کے گھی کی دستیابی کے لئے حسب سابق اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے رمضان بازاروں میں 16مختلف اشیائے ضروریہ ہول سیل ریٹ اورسبسڈی پرفراہم کرنے کی ہدایت کی ہے جس کی سپلائی میں تعطل نہیں آنا چاہیے اور رمضان بازاروں میں صارفین کی سہولت کے لئے اشیائے خوردنی صبح ساڑھے 8بجے سے شام 6بجے تک موجودرہنی چاہیں۔اس موقع پر تھوک وپرچون فروشوں کے نمائندوں نے تمام تر تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی ریلیف کے لئے رمضان بازاروں کی کامیابی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔

متعلقہ عنوان :