اقتصادی رابط کمیٹی نے ایک ارب 75کروڑ کے رمضان پیکج کی منظوری دیدی،اس سال اس پیکج میں 25کروڑ روپے اضافہ کیا گیا ہے

گوادر بندرگاہ کی فعالیت اور ترقی کے لئے رعائیتی معاہدے کے تحت ٹیکس چھوٹ کی بھی منظوری

پیر 23 مئی 2016 22:50

اسلام آباد ۔ 23 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 مئی۔2016ء) کابینہ کی اقتصادی رابط کمیٹی (ای سی سی ) نے ایک ارب 75کروڑ کے رمضان پیکج کی منظوری دیدی ہے ‘گذشتہ سال کی نسبت اس سال اس پیکج میں 25کروڑ روپے اضافہ کیا گیا ہے۔پیر کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس وزیراعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ۔

اجلاس میں رمضان المبارک 2016کے لیے پونے دو ارب کے پیکج کی منظور ی دی گئی ہے گذشتہ سال رمضان پیکج 1.5بلین کا تھا ۔رمضان پیکج کے تحت یوٹیلٹی سٹورز پر 22اشیاء پرخصوصی رعائیت ہوگی۔اجلاس کو بتا یا گیا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن ملک بھر میں 27اپریل سے مختلف اشیاء پر خصوصی رعائیت دے رہا ہے یہ رعائیت رمضان المبارک کے دوران بھی جاری رہے گی‘مجموعی طور پر یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن رمضان المبارک کے دوران 1000سے زائد آئٹمز پر 5سے 10فیصد رعائیت دیگا۔

(جاری ہے)

ای سی سی نے گوادر بندرگاہ کی فعالیت اور ترقی کے لئے رعائیتی معاہدے کے تحت ٹیکس چھوٹ دینے کی منظوری دی ہے‘ گوادر فری زون میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو 23سال تک ٹیکس چھوٹ ہوگی ۔ای سی سی نے 60ایم ایم سی ایف ڈی اضافی گیس کی منظوری بھی دی ۔اس موقع پر سیکرٹری وزارت پانی و بجلی یونس ڈھاگا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ مئی 2015تک 14000میگا واٹ بجلی کی پیدوار تھی اس سال یہ پیدوار بڑھ کر 16ہزار 300تک پہنچ چکی ہے ۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بجلی کی پیدوار میں اضافے پر وزارت پانی و بجلی کی کو کو ششوں کو سراہا اور کہا کہ ہم 2018تک 10ہزار میگا واٹ اضافی بجلی سسٹم میں شامل کر لیں گے ۔

متعلقہ عنوان :