پاک چین دوستی کی منزل مشترکہ ہے ،پاکستان اور چین کی قیادت میں معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے متحرک ہیں ،اقتصادی راہداری منصوبہ نے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کو ایک نئی جہت دی ،65سالہ تاریخی تعلقات آئندہ نسلوں کو منتقل ہو رہے ہیں ، چینی سفیر سن وی ڈونگ کا دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کی 65ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب

منگل 24 مئی 2016 22:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2016ء) پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ چینی قیادت پاک چین باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لئے پر عزم ہے ،پاک چین دوستی کی منزل مشترکہ ہے،دونوں اطراف کی حکومتیں معاشی تعلقات کو مستحکم بنانے کے لئے انتہائی متحرک ہیں ۔ چینی سفیر نے پاک چین سفارتی تعلقات کی 65ویں سالگرہ کے حوالے سے منگل کو ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں صدر مملکت ممنون حسین، وفاقی وزراء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

چینی سفیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک سفارتی تعلقات کی سالگرہ جوش و خروش کے ساتھ منا تے ہوئے ہر آنے والے دن کے ساتھ دوستی کو مستحکم کرنے کا عزم رکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات عالمی برادری کے لئے شاندار مثال کی حیثیت رکھتے ہیں۔دونوں ممالک اپنے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں ، لازوال پاک چین دوستی عوام کے دل ودماغ میں آباد ہے۔

انہوں نے مزید کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت ایسے منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے جس سے پاکستان کے تمام صوبے یکساں مستفید ہوں گے ۔ تاریخی طور پر دونوں ممالک کے مابین یہ اتفاق رائے رہا ہے کہ باہمی مفاد سے متعلقہ معاملات پر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا جائے گا۔ علاقائی اور بین الاقوامی معاملات میں دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطوں میں رہے ہیں ۔

سدا بہار اور قابل اعتماد دوستی دو ریاستوں کے مابین بہترین تعلقات کی زبردست مثال ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین تعلقات عظیم تعمیر وترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں ۔پاکستان اور چین کے مابین مضبوط تعلقات اعلیٰ سطح کے مسلسل تبادلوں سے ممکن ہوا جس کے نتائج آج سب کے سامنے ہیں ۔ پاک چین اقتصادی راہداری نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کیا ہے ۔

65سالہ تاریخی تعلقات آئندہ نسلوں کو منتقل ہو رہے ہیں ۔ہمیں دوستی کی اس تحریک کو اتفاق رائے کے ساتھ پاک چین اقتصادی راہداری کو فروغ دیتے ہوئے آگے بڑھانا ہے ۔ عوام کے مابین تعلقات کو مستحکم کرتے ہوئے دوستی کی بنیادوں کو مزید مضبوط بنانا ہے ۔ ہمیں اپنے مشترکہ مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے مشترکہ خوابوں کو حقیقت بنانا ہے ۔ تیزی سے تبدیل ہوتی علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال میں پاکستان اور چین کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے ۔

متعلقہ عنوان :