ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کی اسیروں کودی جانیوالی سنگین نتائج کی دھمکیوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت

منگل 24 مئی 2016 22:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 مئی۔2016ء ) ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے ضمیرفروش عناصر کی جانب سے ایم کیوایم کے اسیروں کودی جانے والی سنگین نتائج کی دھمکیوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی، حیدرآباد، میرپوخاص اور سندھ کے دیگر شہروں کے عوام نے اپنے عمل سے ثابت کردیا ہے کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کے تشکیل کردہ ضمیرفروش عناصرکو یکسر مسترد کرتے ہیں اور ایم کیو ایم قائد کی قیادت میں ایم کیوایم کے پرچم تلے متحد ہیں ۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم کی صفوں میں دراڑیں ڈالنے میں بری طرح ناکامی اورسندھ کے شہری عوام کی جانب سے یکسرمسترد کیے جانے کے بعد ضمیرفروش عناصر اوچھے ہتھکنڈوں پر اترآئے ہیں۔ ضمیرفروش عناصر، سینٹرل جیل کراچی جاکر ایم کیوایم کے اسیر ذمہ داروں اورکارکنوں پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ اپنی سیاسی وفاداریاں تبدیل کرلیں تو انہیں جیل سے رہائی مل سکتی ہے اور ان پر قائم مقدمات ختم ہوسکتے ہیں اوراگر ان کی پیشکش پر عمل نہ کیاگیاتو انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایک جانب ایم کیوایم کے بے گناہ ذمہ داروں اور کارکنوں کو گرفتارکرکے انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کیاجارہا ہے اور ضمیرفروش عناصر اسیرکارکنوں کو دھونس دھمکیاں دیکر سیاسی وفاداریاں تبدیل کرانے کے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں جبکہ دوسری جانب سرکاری ایجنسیوں کے بعض اہلکاروں کی جانب سے بھی جیل میں اسیرکارکنوں پر دباؤ ڈالاجارہا ہے کہ وہ ضمیرفروشوں کی پارٹی جوائن کرلیں اور انکار کی صورت میں انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں جس سے سیکوریٹی فورسز اور ایجنسیوں کے بعض اہلکاروں اورضمیرفروش عناصرکا گٹھ جوڑ ایک مرتبہ پھر عوام کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے ۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈے ماضی میں بھی استعمال کیے جاتے رہے ہیں لیکن ایم کیوایم کے سچے ، مخلص اور وفادار ذمہ داران اور کارکنان نے قیدوبند کی صعوبتیں براشت کرلیں مگراپنے ظرف وضمیرکا سودا کرنا گوارانہیں کیا اور انشاء اﷲ آئندہ بھی تحریک کے پرعزم کارکنان ہرکڑے اور مشکل وقت کا ثابت قدمی سے سامنا کریں گے لیکن باطل قوتوں کے سامنے اپنا سرہرگزنہیں جھکائیں گے ۔ رابطہ کمیٹی نے ارباب اختیار اور اقتدار سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کے اسیر ذمہ داروں اورکارکنوں کی سیاسی وفاداریاں تبدیل کرانے کا نوٹس لیا جائے اور اسیرکارکنان کو دھونس دھمکیاں دینے کا مذموم سلسلہ بند کرایاجائے۔

متعلقہ عنوان :