وفاقی حکومت کراچی سمیت پورے ملک میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے، ڈاکٹر فاروق ستار کا بیان حقائق کے منافی ہے‘ سینیٹر نہال ہاشمی

بدھ 25 مئی 2016 22:47

کراچی ۔ 25 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مئی۔2016ء) سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ یوم تکبیر کے موقع پر مسلم لیگ (ن) 28 مئی کو لیاری میں جلسہ کرے گی، وفاقی حکومت کراچی سمیت پورے ملک میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو لیاری میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت یوم تکبیر کے موقع پر 28 مئی کو لیاری میں مولوی عثمان پارک میں جلسہ کر رہی ہے جلسہ سے (ن) لیگ کی مرکزی قیادت عوام سے خطاب کرے گی۔

ڈاکٹر فاروق ستار کے حالیہ بیان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد محمد نواز شریف مخصوص علاقوں کے نہیں بلکہ پورے ملک کے وزیر اعظم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے گزشتہ 30 سالوں میں کراچی کے عوام کو مبینہ طور پر بدامنی کے سوا کچھ نہیں دیا جبکہ محمد نواز شریف کراچی میں گرین لائن بس منصوبہ، لیاری ایکسپریس وے کے لئے 2 ارب روپے، پورٹ قاسم پاور پلانٹ کے علاوہ کئی منصوبوں کا افتتاح کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ ہم 12 مئی کے واقعہ کو نہیں بھولے اور نہ ہی ہم نے اداروں میں گھوسٹ ملازمین بھرتی کروا کے میرٹ کا قتل عام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے دانشمندانہ فیصلوں کی بدولت آج کراچی کے عوام کو امن نصیب ہوا ہے، لیاری ”علاقہ غیر “ بن چکا تھا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا اور آج یہاں کے لوگ پرامن ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے ایم کیو ایم سے سوال کیا کہ سندھ حکومت میں طویل عرصے تک حصہ دار رہنے کے باوجود کراچی کے بیٹوں کے لئے کونسی نئی درسگاہیں اور یونیورسٹیاں قائم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ذہین طالب علموں کے لئے لیپ ٹاپ اور فیس واپسی کی اسکیمیں شروع کی ہیں اور اب کراچی یونیورسٹی کے 24 ہزار طالب علموں میں جلد لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کئے جائیں گے۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) سندھ اسد عثمانی، ضلع ساوٴتھ کے جنرل سیکریٹری راجہ سعید، ضلع ایسٹ کے صدر نثار شاہ ، ضلع کورنگی کے جنرل سیکریٹری یعقوب کالرو اور ضلع ویسٹ کے جنرل سیکریٹری حبیب الرحمان ان کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :