پاک چائنا اکنامک کوریڈور معاہدے میں خیبر پختونخوا کو اس کا مکمل حصہ دیا جائے،آفتاب شیرپاؤ

دور افتادہ اورپسماندہ علاقوں کی تعمیرو ترقی ،پختونوں کی خوشحالی اور خطے پر امن کا پائیدار قیام قومی وطن پارٹی کے اہداف ہیں وفاقی حکومت بے گھرہونے والے قبائیلوں کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کرکے ان کی جلداز جلد اپنے آبائی علاقوں کو با عزت و اپسی یقینی بنائی جائے،چیئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب شیرپاؤ کاعوامی اجتماع سے خطاب

ہفتہ 28 مئی 2016 20:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مئی۔2016ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ دور افتادہ اورپسماندہ علاقوں کی تعمیرو ترقی ،پختونوں کی خوشحالی اور خطے پر امن کا پائیدار قیام قومی وطن پارٹی کے اہداف ہیں اوران مقاصد کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کے روز تحصیل تنگی کے علاقہ پڑانگ غارروڈ کے افتتاح کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤاور پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔آفتاب شیرپاؤنے کہا کہ صوبہ کے عوام کومواصلات سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی قومی وطن پارٹی کامشن ہے تاکہ وہ دیگر ترقیافتہ اقوام کے برابر ترقی کرسکے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے وفاقی حکومت سے پر زور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک چائنا اکنامک کوریڈور معاہدے میں خیبر پختونخوا کو اس کا مکمل حصہ دیا جائے اور اس سے منسلک تمام ثمرات سے صوبے کے عوام اور باالخصوص دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کو مستفید کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ آنے والے وفاقی بجٹ میں چھوٹے صوبوں اور وہاں پر بسنے والے عوام کو تمام سطحوں پر ریلیف دیا جائے اور ترقیاتی بجٹ میں ان کوبھرپور حصہ دیا جائے تاکہ وہاں پر پائی جانے والی احساس محرومی اور پسماندگی کا ازالہ ہو سکے۔ فاٹاکے حوالے سے بات کر تے ہوئے مرکزی چیرمین نے کہا کہ فاٹا ریفامز کمیٹی نے تمام ایجنسیوں کا دورہ مکمل کیا ہے اور مختلف قبائلیوں سے ملاقاتیں بھی کی ہیں لہذا اب ضرورت اس امر کی ہے کہ فاٹا ریفارمز کو عملی جامہ پہناکر اس کام کو اور زیادہ تیز کیا جائے تاکہ قبائلیوں کو قومی دھارے میں لاکران میں پائی جانے والی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے اور انھیں امن،ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔

انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بے گھرہونے والے قبائیلوں کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کرکے ان کی جلداز جلد اپنے آبائی علاقوں کو با عزت و اپسی یقینی بنائی جائے تا کہ ان کی مشکلات اور مایوسی و محرومی کا خاتمہ ہوسکے۔اس موقع پرمعاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد خان عمرزئی،ایم پی اے خالد خان ،پارٹی کے صوبائی عہدیدار طارق احمد خان،اسدآفریدی ایڈوکیٹ،تحصیل ناظم تنگی یحییٰ جان مہمند،مفتی افتخار،ضلع چارسدہ کے ضلعی و تحصیل ممبران اور قومی وطن پارٹی کے کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔