آفتاب شیرپاؤ کا خیبر پختونخواکے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں سے ہونیوالے نقصانات پر اظہارافسوس

جمعرات 2 جون 2016 20:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے خیبر پختونخواکے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کی بدولت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور املاک کی تباہی پر دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔

اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ہماری تمام تر ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور اس اندوہناک گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔انھوں نے بارشوں کی بدولت ہونے والی جانی و مالی نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

سینکڑوں مکانات،فصلیں اور باغات تباہ ہوئے ہیں اور طوفانی بارش کی وجہ سے قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں جس پر دلی رنج و غم اور دکھ ہوا۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کی مکمل دادرسی کی جائے اور ان کی فوری بحالی اور امداد کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں۔آفتاب شیرپاؤ نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی بحالی اور امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس آزمائش کی گھڑی میں ان کا بھرپور ساتھ دیا جائے۔انھوں نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاکی۔

متعلقہ عنوان :