ہم نے بہترین اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے ، رواں مالی سال میں معاشی ترقی کی شرح 4.7 فیصد ہے ، جون 2018ء تک ملکی نظام میں دس ہزار میگاواٹ بجلی شامل کی جائے گی، ملکی ترقی وخوشحالی کے لئے کوشاں ہیں اور ہر شعبے کی بہتری کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

جمعہ 3 جون 2016 23:13

اسلام آباد ۔ 3 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 جون۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم نے بہترین اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے جس میں رواں مالی سال میں معاشی ترقی کی شرح 4.7 فیصد ہے جوگزشتہ آٹھ سال میں بلند ترین شرح ہے۔ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے کوشش کی ہے کہ جتنا بہتر بجٹ پیش کرنا ہے کریں اور عوام کو ریلیف دیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی موثر اور کارآمد پالیسیوں کی بدولت یہاں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اس لئے بیرونی سرمایہ کاری کے لئے ملکی حالات بالکل سازگار ہیں اور یہ بات خوش آئند ہے کہ بیرونی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی بھی لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں اپنے معاشی اہداف کی حفاظت کرنی چاہئے اور سیاست اور معیشت کو ساتھ لیکر چلنا چاہئے۔

اکنامک روڈ میپ بھی طے ہونا چاہئے اور اس روڈ میپ پر تمام پارٹیوں کو متفق بھی ہونا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے تمام معاملات مل بیٹھ کر حل کرنا چاہئیں اس لئے میں باربار اپوزیشن کو کہتا ہوں کہ ہمارے ساتھ بیٹھیں اور معاملات کے حل کیلئے بات کریں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ توانائی کا شعبہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور ہم پرعزم ہیں کہ جون 2018ء تک ملکی نظام میں دس ہزار میگاواٹ بجلی شامل کی جائے گی جی آئی ایس کے لئے مختص فنڈز بھی 115 ارب روپے کئے جائیں گے جبکہ آئندہ مالی سال میں ٹیلی فون کی سہولت کے لئے بھی 11 ارب روپے سے زائد خرچ کئے جائیں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں زرعی شعبے کی بہتری کیلئے حالیہ بجٹ میں بہت کچھ رکھا گیا ہے تاکہ کسان خوشحال ہو، کھاد پر زراعانت کی مد میں 36 ارب روپے دیئے جائیں گے۔ یوریا کھاد کی فی بوری قیمت 2100 روپے تھی جسے کم کرکے 1400 روپے پر لیکر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کسان کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں اور اگر ہمارا کسان خوشحال ہوگا تو یقینًا ہمارا ملک بھی خوشحال ہوگا اس لئے زرعی شعبے کی بہتری اور کسانوں کی خوشحالی کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں اور ہم پرعزم ہیں کہ رواں مالی سال کے اپنے اہداف کے حصول میں ضرور کامیاب ہوجائیں گے۔ ہم ملکی ترقی وخوشحالی کے لئے کوشاں ہیں اور ہر شعبے کی بہتری کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔