حکومت سندھ نے سندھ اسمبلی میں صحافیوں کا داخلہ محدودکردیا،اسمبلی پاسز کے اجرا کے لئے نئی شرائط عائد

بجٹ سیشن کیلئے ہر الیکٹرانک میڈیا کے صرف 6 اور مختلف روزناموں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو اخبارکیلئے 3پاس جاری ہوں گے

ہفتہ 4 جون 2016 22:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جون۔2016ء) حکومت سندھ نے سندھ اسمبلی میں صحافیوں کا داخلہ محدودکردیا ہے اور اسمبلی پاسز کے اجرا کے لئے بعض نئی شرائط بھی عائد کردی ہیں۔ سندھ اسمبلی کی جانب سے ہفتہ کو جاری کئے جانے والے ایک سرکلر میں کہا گیا ہے کہ مجاز اتھارٹی کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے آئندہ بجٹ سیشن کی کوریج کے لئے ہر الیکٹرانک میڈیا کے صرف 6نمائندوں کو اور مختلف روزناموں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو ان کے اخبارکے لئے محض 3پاس جاری ہوں گے جو پریس گیلری کے لئے استعمال ہوسکیں گے۔

(جاری ہے)

الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں اور نیوز ایجنسیز سے کہا گیا ہے کہ وہ اسمبلی پاسز کے حصول کے لئے سیکریٹری سندھ اسمبلی سے رجوع کریں اور انہیں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اسمبلی پاسز کے اجرا کے لئے اپنے دفتر کا سفارشی خط، دفتری کارڈ اور قومی شناختی کارڈ کی نقول کے علاوہ درخواست گزار کی دو عدد تازہ تصاویر بھی پیش کرنا ہوں گی۔ واضح رہے کہ اس قبل سندھ کا محکمہ اطلاعات اسمبلی سیشن کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو اسمبلی سیکریٹریٹ سے پاسز جاری کراکے خود دیتا تھا لیکن اب اس سے یہ اختیار لے لیا گیا ہے اور سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ خود براہ راست میڈیا کو پاسز جاری کرے گا۔

متعلقہ عنوان :