حکومت پنجاب نے عوام کی قیمتی اراضی کو جدید ترین طریقہ سے انتہائی شفافیت کے ساتھ کمپیوٹرائزڈ کر کے ہمیشہ کے لیے محفوظ کر دیا ہے

وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر وگلگت بلتستان چوہدر ی محمد برجیس طاہر کا بیان

ہفتہ 4 جون 2016 23:12

اسلام آباد ۔ 4 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 جون۔2016ء) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر وگلگت بلتستان چوہدر ی محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے شہباز شریف کی قیادت میں عوام کی قیمتی اراضی کو جدید ترین طریقہ سے انتہائی شفافیت کے ساتھ کمپیوٹرائزڈ کر کے ہمیشہ کے لیے محفوظ کر دیا ہے جس سے پنجاب میں 150سالہ پرانے فرسودہ پٹوار کلچر کا خاتمہ ممکن ہو گیا ہے ۔

ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں اُنہوں نے کہا کہ پنجاب کی 143تحصیلوں میں قائم اراضی ریکارڈ کمپیوٹرائزڈسے عزت اور وقار کے ساتھ ہر مالک زمین کی ملکیت کا ریکارڈ حاصل کر سکے گااور زمینوں کی خرید وفروخت اور انتقال شفاف طریقے سے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب 22ہزار 700سے زاہد مواضعات کا ریکارڈ نوٹیفائی ہو چکا ہے اور ان سینٹرز کے ذریعے ماہانہ 1.60لاکھ سے زاہد فردات کا اجراء ہو رہا ہے اور ماہانہ 50ہزار سے زاہد انتقالات درج و تصدیق ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ انتہائی مشکل کام صرف محمد شہباز شریف کی قائدانہ صلاحیت اور ان کی ٹیم کی ان تھک محنت کے باعث ممکن ہو ا ہے اور یہ خصوصی طور پر زراعت کے شعبے کے لیے ایک انقلابی اقدام ہے اور وزیراعلی پنجاب نے اس کے ذریعے عوام کو کرپشن اور بددیانتی پر مبنی ایک گھناونے نظام سے نجات دلائی ہے جس کے لیے وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

ا س موقع پر ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے بتایا کہ اس نئے نظام کے تحت گڈ گورننس کے اقدامات بھی کیے گئے ہیں جس کے تحت ہرمالک اراضی کو 30 منٹ سے کم وقت میں فردات کا اجراء ہو گا اور انتقا لات و تصدیق کا عمل 50 منٹ میں مکمل ہو سکے گا اور اس سے وی آئی پی کلچر کا بھی خاتمہ ہو گا۔متعلقہ افسران نے یہ بھی بتایا کہ شکایت کے سلسلے میں فری کال سنٹر کی بھی سہولت فراہم کی گئی ہے اور اس کے علاوہ خواتین اور بزرگوں کے لیے علیحدہ کاونٹر کا بھی انتظام کیا گیا ہے اور مزید یہ کہ اربن مواضعات کی کمپیوٹرائز یشن کے لیے الگ پراجیکٹ پر کام جلد شروع ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :