رمضان بازاروں کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزراء اور انتظامیہ کے اچانک دورے

صوبائی وزیرزراعت ڈاکٹرفرخ جاوید کاشادمان‘وحدت روڈ اور ماڈل ٹاؤن کا دورہ‘ لیموں کی کمی کا نوٹس صوبائی وزیرخوراک بلال یٰسین کا لاہور کے 10رمضان بازاروں کا دورہ‘ گرانفروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت صوبائی وزیرایکسائزو ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کا اسلام پورہ اور کریم پارک رمضان بازاروں کا دورہ‘ سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت

منگل 7 جون 2016 22:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 جون ۔2016ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر رمضان بازاروں کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی کابینہ کے وزراء اور انتظامیہ کے افسران نے صوبہ بھر میں مختلف رمضان بازاروں کا اچانک دورہ کیا اور رمضان بازاروں کے سٹالز پر اشیاء خوردونوش ‘ نرخ ‘رسد اور معیار کو چیک کیا۔ صوبائی وزیرزراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے لاہور میں شادمان‘ وحدت روڈ اور ماڈل ٹاؤن کے رمضان بازاروں کا اچانک دورہ کیا۔

اس موقع پر لیموں کی کمی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او کو ہدایت کی کہ لیموکی کمی کو فوراً پورا کیا جائے۔ صوبائی وزیرخوراک بلال یٰسین نے لاہور کے 10رمضان بازاروں کا دورہ کیا۔ اسلام پورہ‘ کریم پارک‘ گلشن راوی‘ برکت مارکیٹ‘ ماڈل ٹاؤن‘ وحدت کالونی‘ بیگم کوٹ‘ دہلی گیٹ‘ شالیمار ٹاؤن اور شادمان کے رمضان بازاروں میں مختلف سٹالز پر جا کر سبزیوں اور پھلوں کی کوالٹی اور قیمت کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرخوراک نے ہدایت کی کہ کسی قسم کی گرانفروشی اور ناقص اشیاء فروخت کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ صوبائی وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے اسلام پورہ اور کریم پارک کے رمضان بازاروں کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے پارکنگ ‘ سکیورٹی کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں‘ واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرزکی مدد سے کئے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رمضان بازاروں کی سکیورٹی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔

کمشنرلاہور عبداللہ خان سنبل نے ماڈل ٹاؤن لنک روڈ‘ نشتر ٹاؤن اور کاہنہ نو کے رمضان بازاروں کا دورہ کیا اور اشیاء کی فراہمی اور قیمتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمشنرلاہور نے بازاروں میں موجود خریداروں سے بھی حکومتی اقدامات کے متعلق دریافت کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شکایت سیل میں آنے والی تمام شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے۔

کمشنرسرگودھا ندیم محبوب نے تحصیل عیسیٰ خیل اور کمرمشانی کے رمضان بازاروں کا دورہ کیا اور انتظامیہ کو انتظامات مزیربہتر بنانے کی ہدایت کی۔ ڈی سی او راجن پور ظہورحسین گجر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فاضل پور رمضان بازار کا دورہ کیا اور اشیاء خوردونوش کی وافر مقدار میں فراہمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو صفائی کا معیار مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ڈی سی او بہاولپور ڈاکٹر احتشام انور مہار نے سستا رمضان بازار ریلوے اسٹیشن اور میلے والی گلی میں قائم رمضان بازار وں کا اچانک دورہ کیا اور اشیائے خوردونوش کی مقررکردہ نرخوں پر فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔