پارلیمان کے وقار کا خیال رکھتے ہوئے سب سے پہلے پاکستان کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانا چاہئیے، میر ظفر اللہ خان جمالی

جمعرات 9 جون 2016 14:04

اسلام آباد ۔9جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 جون۔2016ء) سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی نے کہا ہے کہ ہم سب کو پارلیمنٹ کے وقار کا خیال رکھتے ہوئے سب سے پہلے پاکستان کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہے کیونکہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں‘ سرحدوں کے پار کیا ہو رہا ہے ہمیں اس حوالے سے اپنی ترجیحات تبدیل کرنی چاہئیں ۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران میر ظفر اللہ جمالی نے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ جمہوری ایوان میں چوتھا بجٹ پیش کرنے پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے بجٹ کے مختلف پہلوؤں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک اور اورنج لائن منصوبے اپنی جگہ مگر بلوچستان کو وفاق سے جو حصہ ملتا ہے اس سے صوبے کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان بنتے اور جلتے دیکھا ہے ، اللہ وزیراعظم نواز شریف کو صحت دے، وہ محب وطن پاکستانی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں دیکھنا چاہیے کہ ہماری سرحدوں کے پار کیا ہو رہا ہے اس حوالے سے ہمیں اپنی ترجیحات تبدیل کرنا ہوں گی۔ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاید انہیں ایوان سے مستعفی ہونا پڑے تاہم اس سے پہلے وہ وزیراعظم نواز شریف سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بیمار ہیں شاید یہ ان کا آخری خطاب ہو۔ جس پر سپیکر نے ان کیلئے صحت اور زندگی کی دعا دی