چیئرمین سینٹ نے خواتین کو زندہ جلانے کا معاملہ فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کے سپرد کردیا

جمعرات 9 جون 2016 14:05

اسلام آباد ۔9جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 جون۔2016ء) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے ملک میں خواتین کو زندہ جلانے کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے معاملہ سینٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کے سپرد کردیا ہے اور کہا ہے کہ خواتین کو زندہ جلانا اسلامی تعلیمات کے برعکس اقدام ہے‘ اسے قابل تعزیر جرم قرار دیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں میاں رضا ربانی نے کہا کہ ملک میں پچھلے کچھ عرصے کے دوران بچیوں کو زندہ جلانے کے واقعات ہو رہے ہیں۔ بچیوں کو زندہ جلایا جارہا ہے۔ یہ اسلامی تعلیمات کے بالکل برعکس اقدام ہے۔ شاید ہی کوئی دن گزرتا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا میں ایسی کوئی خبر نہیں ہوتی۔ ایسے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ یہ معاملہ سینٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کو بھجوانا چاہیے تاکہ جس طرح تیزاب پھینکنا ایک جرم ہے اسی طرح کسی کو زندہ جلانے کو بھی قابل تعزیر جرم قرار دیا جانا چاہیے۔