اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والی پرواز حادثے سے بچ گئی

ٹیک آف کرتے ہوئے طیارے کا اگلا ٹائر پھٹ گیا ‘ کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کروائی گئی‘نجی ایئرلائن کی پروازمیں150مسافرسوار تھے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 10 جون 2016 19:31

اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والی پرواز حادثے سے بچ گئی

کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10جون۔2016ء) شاہین ایئر انٹرنیشنل کے اسلام آباد سے مانچسٹر کےلئے ٹیک آف کرتے ہوئے طیارے کا اگلا ٹائر پھٹ گیا جس کے بعد طیارے نے کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔اطلاعا ت کے مطابق طیارے میں 150 سے زائد مسافر سوار ہیں جسے کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا ہے جبکہ لینڈنگ سے قبل احتیاطی تدابیر کے طور پر فیول ختم کرانے کے لئے طیارے کے چکر لگوائے گئے۔

رپورٹ کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کےلیے ایمر جنسی نافذ کی گئی تھی۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق طیارے میں موجود تمام مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ ہیں۔ایئرلائن ذرائع کا کہنا ہے کہ تیز ہوا کے سبب طیارے کو اسلام آباد یا لاہوراترنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوئی،طیارے کو پہلے اسلام آباد پھر لاہور ایئرپورٹ اتارنے کی کوشش کی گئی۔

(جاری ہے)

سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایئرپورٹ پر ہنگامی حالت نافذکی گئی تھی تاہم صورتحال کنٹرول میں رہی اور مسافروں اور عملے کے اراکین سمیت کسی کوکوئی نقصان نہیں پہنچا-پاکستان سول ایوی ایشن نے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ حکام نے کن حالات میں طیارے کو ٹیک آف کرنے کے لیے کلیئرنس دی-سی اے اے کے طیارہ 6 بجکر 30 منٹ کے قریب کراچی ایئرپورٹ اترا۔واضح رہے کہ چند روزقبل بھی شاہین ایئرلائن کی ایک پروازکے ٹائرپھٹنے کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی-

متعلقہ عنوان :