شاہین ایئر لائن کے طیارے کی کراچی ایئر پورٹ پر بحفاظت ہنگامی لینڈنگ،اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والے طیارے کا اگلا ٹائر پھٹ گیاتھا،ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی،طیارے میں عملے سمیت 150 افراد سوار تھے،کسی بھی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا

جمعہ 10 جون 2016 23:05

کراچی ۔ 10 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 جون ۔2016ء) اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والے شاہین ایئر لائن کے طیارے کا اگلا ٹائر پھٹ گیا جس کے بعد طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر بحفاظت ہنگامی لینڈنگ کی۔ اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والے شاہین ایئر لائن کے طیارے کا اگلا ٹائر پھٹ گیا جس کے بعد طیارے کو کنٹرول ٹاور کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہدایت دی گئی۔

کراچی ایئر پورٹ پر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے فائر بریگیڈ اور ریسکیو عملے کو بھی طلب کیا گیا جبکہ ہنگامی لینڈنگ کے باعث ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کی گئی۔ کنٹرول ٹاور کی جانب سے طیارے کو ہنگامی لینڈنگ سے قبل ایئرپورٹ کے اطراف چکر لگانے کی ہدایت کی گئی جس کے بعد کنٹرول ٹاور کی اجازت کے بعد طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل کراچی ایئرپورٹ پر شاہین ایئر کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے لئے ایمر جنسی نافذ کی گئی، متاثرہ طیارہ ایئرپورٹ پر نچلی پرواز کرتا رہا۔ نچلی پرواز کے دوران کنٹرول اسٹاف نے طیارے کے کھلے وہیل کا دوربین کے ذریعے معائنہ کیا۔ اس دوران کراچی ایئرپورٹ کو پروازوں کیلئے بند کردیا گیا تھا۔ شاہین ایئر کے طیارے نے ہنگامی لینڈنگ سے قبل دوران پرواز ہدایت ملنے پر اپنا فیول بھی مختلف جگہوں پر گرایا۔

تیز ہوا کے سبب طیارے کے اترنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوئی، طیارے کو پہلے اسلام آباد، پھر لاہور ایئرپورٹ اتارنے کی کوشش کی گئی، تاہم کراچی ایئرپورٹ پر اس کی ہنگامی لینڈنگ عمل میں آئی۔ طیارے میں عملے سمیت 150 افراد سوار تھے جبکہ ہنگامی لینڈنگ کے باعث کسی بھی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

متعلقہ عنوان :