پاک فوج کے کیپٹن اسفند یار بخاری شہید جیسے بہادر فوجی پاکستان کی بقاء کی ضمانت ہیں،وزیراعظم محمد نواز شریف کا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اٹک کو کیپٹن اسفند یار شہید کے نام سے منسوب کرنے کی تقریب کے موقع پر پیغام

ہفتہ 11 جون 2016 22:57

اسلام آباد ۔ 11 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 جون ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج کے کیپٹن اسفند یار بخاری شہید جیسے بہادر فوجی پاکستان کی بقاء کی ضمانت ہیں جو اپنے خاندان ،شہر ، ملک اور قوم کیلئے باعث فخر ہیں۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو وزیراعظم کی ہدایت پر پنجاب حکومت کی طرف سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اٹک کو کیپٹن اسفند یار شہید کے نام سے منسوب کرنے کی تقریب کے موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسفند یار شہید جیسے سپوت اپنے والدین اور ملک کا نام روشن کرتے ہیں۔

اسفند یار شہید نے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کر کے عظیم مثال قائم کی ہے جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسفند یار شہید کو یاد رکھنے کیلئے اٹک میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو ان کے نام سے منسوب کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسفند یار شہید کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے حکومت ہسپتال میں لوگوں کو بہتر اور جدید خدمات فراہم کرے گی۔