فلوریڈا کے کلب میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50ہوگئی ‘60کے قریب زخمی ہیں‘اورلینڈو کے میئرنے شہرمیں ایمرجنسی نافذکردی

مشتبہ حملہ آور کی شناخت عمر متین کے نام سے ہوئی ہے جو فلوریڈا کے علاقے سینٹ لوسی کا رہائشی تھا۔میئرکی صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 12 جون 2016 20:20

فلوریڈا کے کلب میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50ہوگئی ‘60کے قریب زخمی ہیں‘اورلینڈو ..

اورلینڈو(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12جون۔2016ء) امریکہ کی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو کے نائٹ کلب میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50 سے زائدہوگئی ہے جبکہ 60کے قریب زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔اورلینڈو میں پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ "پلس اورلینڈو" کلب میں پیش آیا جو کہ ہم جنس پرستوں کا ایک مقبول نائٹ کلب ہے۔

پولیس کے سربراہ جان منا کے مطابق حملہ آور کے پاس ایک مشکوک آلہ تھا اور کلب میں داخل ہونے پر اس کا وہاں موجود ایک سکیورٹی افسر کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔بعد ازاں حملہ آور نے یہاں کچھ لوگوں کو یرغمال بھی بنایا لیا۔ان کے بقول پولیس کا خصوصی دستہ جائے وقوع پر پہنچا اور اس دوران حملہ آور اور اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس سے حملہ آور موقع پر ہلاک ہو گیا۔

(جاری ہے)

اورلینڈو کے میئر بڈی ڈائر نے صحافیوں سے گفتگو میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جائے وقوع پر ہر طرف خون ہی خون بکھرا ہے۔حکام کے مطابق مشتبہ حملہ آور کی شناخت عمر متین کے نام سے ہوئی ہے جو فلوریڈا کے علاقے سینٹ لوسی کا رہائشی تھا۔بتایا جاتا ہے کہ عمر کا خاندان افغانستان سے آکر یہاں آباد ہوا تھا اور وہ امریکہ میں ہی پیدا ہوا تھا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے "ایف بی آئی" کے ترجمان ڈینی بینکس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کے اس واقعے کی دہشت گرد کارروائی کے طور پر تفتیش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکام یہ تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا یہ مقامی یا بین الاقوامی دہشت گردی کا معاملہ ہے اور کیا حملہ آور اس میں اکیلا ہی ملوث تھا۔ ایک عینی شاہدین میں شامل ایک شخص جان الامو کے حوالے سے بتایا کہ وہ کلب کے عقبی جانب موجود تھے کہ انھوں نے ایک شخص کو اسلحے کے ساتھ سامنے سے آتے ہوئے دیکھا۔

میں نے 20، 40، 50 گولیاں چلنے کی آوازیں سنیں اور موسیقی بند ہوگئی۔ایک اور شخص روب رک نے بتایا کہ یہ واقعہ رات دو بجے کے قریب کلب کے بند ہونے سے کچھ دیر قبل پیش آیا۔ سب لوگ اپنے اپنے مشروبات ختم کرنے والے تھے۔کلب نے اپنے فیس بک پر فوری طور پر پیغام لکھا کہ لوگ یہاں سے نکلیں اور بھاگ جائیں۔پولیس نے مقامی رہائشیوں کو اس مقام سے دور رہنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔اورلینڈو کے میئر نے اس حملے کے بعد شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

فلوریڈا کے کلب میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50ہوگئی ‘60کے قریب زخمی ہیں‘اورلینڈو ..