ضرب عضب سے دہشت گرددوں کا زور ٹوٹ چکا ، انشاللہ جلدہی وہ تاریخ کے کوڑے دان کا حصہ بن جائیں گے،نوازشریف

’ضربِ عضب‘ کے دوسال انسانی عزم، ہمت،استقلال، بہادری اور قربانی کی لازوال داستان ہے جو ہماری تاریخ کے صفحات پر ہمیشہ جگمگاتی رہے گی اور نئی نسل کیلئے مشعلِ راہ بنے گی، قوم کو وہ امن دوبارہ نصیب ہوا جو دہشت گردوں اور ملک دشمنوں نے چھین لیا تھا،پاکستان ایک پرامن اور خوش حال ملک بنے گا،ضربِ عضب‘ کے دوسال مکمل ہونے کے موقع پروزیراعظم کا پیغام

منگل 14 جون 2016 23:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جون ۔2016ء) وزیراعظم محمدنوازشریف نے کہاہے کہ’ضربِ عضب‘ کے دوسال انسانی عزم، ہمت،استقلال، بہادری اور قربانی کی ایک ایسی لازوال داستان ہے جو ہماری تاریخ کے صفحات پر ہمیشہ جگمگاتی رہے گی اور نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ بنے گی۔اس کے نتیجے میں قوم کو وہ امن دوبارہ نصیب ہوا جو دہشت گردوں اور ملک دشمنوں نے چھین لیا تھا۔

آج اللہ کاشکر ہے کہ دہشت گرددوں کا زور ٹوٹ چکا اور انشاللہ جلدہی وہ تاریخ کے کوڑے دان کا حصہ بن جائیں گے۔ضربِ عضب‘ کے دوسال مکمل ہونے کے موقع پروزیراعظم نے اپنے ایک پیغام میں کہاکہ دو سال پہلے عوام کی منتخب حکومت نے ایک فیصلہ کیا جس کے نفاذکے لیے پاک فوج اورسلامتی کے دیگر اداروں سمیت پوری قوم نے پوری یک سوئی اور عزم کے ساتھ اپنا کردار ادا کیا،جس نے ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلائی۔

(جاری ہے)

اس کی کامیابی میں پاک فوج کے وہ جوان سرِ فہرست ہیں جنہوں نے اپنے پاکیزہ لہو کا نذرانہ پیش کیا۔پولیس اور سلامتی کے دوسرے اداروں کے جوان بھی اس کامیابی میں شریک ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ان سب نے اس بات کو ایک بار پھر سچ کر دکھا یا کہ شہید کی موت قوم کی حیات ہو تی ہے۔اس کامیابی میں وہ مائیں بھی شامل ہیں جنہوں نے خوشی خوشی اپنے جگر کے ٹکڑوں کووطن پر قربان کیا۔

وہ بہنیں بھی اس جد وجہد کا حصہ ہیں جنہوں نے اپنے بھائیوں اورملک کے لیے دعائیں کی۔محمدنوازشریف نے کہاکہ ان دو سالوں میں پاکستانی قوم نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ پاک سرزمین کے دفاع کے لیے ہم سب ایک ہیں۔ یہ سیاسی اختلافات ہوں یا مذہبی،علاقائی وابستگی ہو یاصوبائی،یہ قوم اپنے دفاع کے لیے ، سب سے بلند ہونے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے اور پاکستان کی شناخت ہر شناخت پر غالب ہے۔

یہ خارجی دشمن ہوں یا داخلی،پاکستانی قوم سب کے خلاف ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے اور اس بارے میں کسی کو غلط فہمی کا شکار نہیں ہو نا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ان دوسالوں میں قوم نے جس نظریاتی اورعملی یک سوئی کا مظاہرہ کیا ہے، ضرورت ہے کہ یہ جذبہ کبھی سرد نہ ہو۔دہشت گردی کے ساتھ ساتھ ہمیں،غربت، افلاس، بے روزگاری،عدم استحکام اوربیماریوں کے خلاف بھی لڑنا ہے۔

ہمیں پاکستان کو امن کا گہوارہ بناناہے جہاں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے تاکہ ہمارے نو جوانوں کو تعلیم اور ہنر مل سکے اور ہم انہیں ایک ایسا ما حول دے سکیں جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کرسکیں۔ہم نے ضربِ عضب کے جذبے کو سرد نہیں ہونے دینا اوراسی توانائی اور عزم کے ساتھ، غربت اور بے روزگاری جیسی سماجی برائیوں کے خلاف لڑنا ہے۔مجھے یقین ہے کہ جس طرح دہشت گرد اس قوم کی جرات اور عزم کے سامنے شکست کھا کر بھاگنے پر مجبور ہوئے اسی طرح ،انشااللہ غربت اور افلاس بھی ایک دن شکست کھائیں گے اور پاکستان ایک پرامن اور خوش حال ملک بنے گا۔

متعلقہ عنوان :