Live Updates

وزیر اعلی شہباز شریف سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید علی ظفر کی قیادت میں وفد کی ملاقات

جمعہ 17 جون 2016 23:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 جون ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید علی ظفر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی-سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اور سیکرٹری نے ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیر اعلی شہباز شریف کو وزیر اعظم محمد نواز شریف کے کامیاب آپریشن کے بعد صحت یابی پر مبارکباد دی-وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانون اور انصاف کی عملداری یقینی بنانے کے لئے وکلاء برادری کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے اورعام آدمی کو انصاف کی فراہمی کے لئے بھی وکلاء برادری کو موثر کردارادا کرنا ہے - انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے مجوزہ قانونی اصلاحات کے حوالے سے اقدامات حوصلہ افزاء ہیں- وزیر اعلی نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کو وکلاء برادری کی فلاح و بہبودکے لئے 10 کروڑ روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے - ہاؤسنگ سوسائٹی کے قیام کے حوالے سے بھی وفاقی حکومت سے بات کروں گا جبکہ ہسپتالوں میں وکلاء برادری کو طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور اس ضمن میں اعلان کردہ فیصلے پر عملدرآمد کرائیں گے - انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج عام آدمی کے لئے انصاف کا حصول ناممکن ہو چکا ہے -نظام میں موجود خامیوں اور کمزوریوں کو دور کرنے کی اشد ضرورت ہے - انہوں نے کہا کہ معاشی و سماجی انصاف کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لئے ضروری ہے - افسوس کی بات ہے کہ سیاسی حکومتیں ہوں یا فوجی کسی نے انصاف کی فراہمی کے نظام کوبہتر کرنے پر توجہ نہیں دی-انہوں نے کہا کہ 69 سال سے کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم رہا ہے -پاکستان کو آگے لیکر جانا تو قانون و انصاف کی عملداری یقینی بنانی ہو گی -پاکستان اس لئے نہیں بنا تھا کہ یہاں پر لوٹ مار ہواور عام آدمی کو انصاف نہ ملے -عام آدمی کو انصاف دلانے کے لئے وکلاء برادری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا -انہوں نے کہا کہ کفر پر مبنی معاشرہ تو قائم رہ سکتا ہے لیکن نا انصافی پر مبنی معاشرہ قائم نہیں رہ سکتا-وزیر اعلی نے کہا کہ چین کی حکومت نے 46 ارب ڈالر کا تاریخی سرمایہ کاری پیکیج دے کر پاکستان پر احسان عظیم کیا ہے - دشمن کو چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور سے بہت تکلیف ہے لیکن ہم نے مل کر سی پیک کو آگے بڑھانا ہے - اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے باعث کوئی تاریخی ورثہ یا عمارت متاثر نہیں ہو رہی -سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید علی ظفر نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف نے اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے لائق تحسین اقدامات کئے ہیں اوررمضان بازاروں سے بھی عام آدمی کو ریلیف مل رہا ہے - اٹارٹی جنرل آف پاکستان اشتر اوصاف ، صوبائی وزیر رانا مشہود احمد، ایڈوکیٹ جنرل پنجاب شکیل الرحمن، ایڈیشنل اٹارنی جنرل آف پاکستان نصیر بھٹہ ، خواجہ احمد حسان اور اعلی حکام کے علاوہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے-

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :