وزیراعظم محمد نوازشریف چین سے 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لارہے ہیں

جبکہ بعض مخالفین اور بیرونی قوتیں اس کا راستہ روک رہی ہیں،پرویز رشید

جمعہ 17 جون 2016 23:09

جنوبی باغ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 جون ۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف چین سے 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لارہے ہیں جبکہ عض مخالفین اور بیرونی قوتیں اس کا راستہ روک رہی ہیں اور چاہتی ہیں کہ یہ منصوبے پایہ تکمیل تک نہ پہنچیں اور ان کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے عمران خان اور طاہرالقادری پھر دھرنا دینا چاہتے ہیں، عوام نے دھرنوں کو ناکام بنانا ہے اور ترقی کا راستہ روکنے والوں کو مسترد کرنا ہے، آزاد کشمیر کے عوام مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دے کر دھرنوں کو سیاست کو ناکام بنائیں گے‘ بلاول بھٹو اور عمران خان نے ہیلی کاپٹر سے اپنی انتخابی مہم چلائی‘ ہم مریضوں کیلئے ہیلی کاپٹر لارہے ہیں یہ ہمارے منشور کا حصہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی باغ میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے اعزاز میں افطار و عشائیہ کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر میں سڑکوں کی تعمیر کیلئے 50 ارب روپے رکھے ہیں جو آئندہ پانچ سالوں میں خرچ کیے جائیں، جنوبی باغ کی تمام سڑکیں بنوا کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہیلی کاپٹر ایمبولینس سروس شروع کی جائے گی تاکہ ضرورتمند مریضوں کو بروقت ہسپتال پہنچایا جاسکے۔

بلاول بھٹو اور عمران خان نے ہیلی کاپٹر سے اپنی انتخابی مہم چلائی۔ ہم مریضوں کیلئے ہیلی کاپٹر لارہے ہیں یہ ہمارے منشور کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر تحصیل کی سطح پر ہسپتل تعمیر کیے جائیں گے۔ کشمیر میں بجلی ، سڑکوں، سکولوں اور ہسپتالوں کی تعمیر کی جائے گی۔ اس طرح لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مشتاق منہاس کی تعریف کی اور کہا کہ وہ بڑے محنتی اور اپنا کام اخلاق سے کرنے والی شخصیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشتاق منہاس نے صحافی برادری کیلئے اسلام آباد میں بہترین ہاؤسنگ سکیم قائم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشتاق منہاس کی مدد کرنا میرا اور آپ کا فرض ہے‘ باغ کا حلقہ باغ وبہار میں تبدیل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کو شکست ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نوازشریف چین سے 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لارہے ہیں جس سے ملک میں خوشحالی اور ترقی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ طاقتیں ان منصوبوں کے خلاف ہیں اور انہی کے ایجنڈے کو بڑھانے کیلئے عمران خان دھرنے کی سیاست کر رہے ہیں جسے آپ لوگوں نے ناکام بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا ووٹ دھرنا سیاست کو ناکام بنائے گا۔