شکیل آفریدی غدار ، امریکہ حوالگی کیلئے کوئی دباؤ قبول نہ کیا جائے،مولانا سمیع الحق

پیر 20 جون 2016 13:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 جون۔2016ء) چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں امریکہ کی ناراضگی کے ڈرسے خاموش ہیں اور امریکی و بھارتی جارحیت کیخلاف آواز بلند نہیں کی جارہی۔ ڈرون حملوں پر بھی سیاسی جماعتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ بلوچستان میں ڈرون حملہ امریکہ کی بہت بڑی سازش تھی۔

پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، فیصل آباد میں دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہو ں نے مزید کہا کہ مودی اوبامہ معاہدے کاغذی حیثیت رکھتے ہیں۔پاکستان کی سالمیت کے تحفظ کیلئے اٹھارہ کروڑ پاکستانی متحد و بیدار ہیں۔ شکیل آفریدی غدار ہے‘ اس کی امریکہ حوالگی کیلئے کوئی دباؤ قبول نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

بھارت و امریکہ اقتصادی راہداری منصوبہ ناکام بنانے کیلئے کروڑوں ڈالر خرچ کر رہے ہیں۔ پاک چین دوستی میں رکاوٹیں ڈالنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔بلوچستان میں ڈرون حملہ اور افغان بارڈر پر پاک فوج کو الجھانا بہت بڑی سازش ہے۔ داعش امریکی پیداوار ہے۔امریکہ بھارتی سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانا چاہتا ہے رمضان المبار ک سے دفاع پاکستان کی شروع ہونے والی تحریک رمضان کے بعد بھی جاری رہے گی۔

غزوہ بدر میں مسلمانوں نے قربانیاں پیش کیں۔ فتح مکہ رمضان میں ہوا۔آج بھی مسلمان شدید گرمی میں اسلام و پاکستان کے دفاع کیلئے زبردست جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں ہر عمل کا اجر بڑھ جاتا ہے۔ شدید گرمی میں سڑکوں پر اسلام و پاکستان کے تحفظ کیلئے اپنے جذبات کااظہار کرنے والوں کو اللہ تعالیٰ بہت زیادہ اجر سے نوازے گا۔انہوں نے کہاکہ دفاع پاکستان کونسل کی تحریک پوری قوت سے جاری رہے گی26جون کو گوجرانوالہ میں بڑا جلسہ ہو گا۔ ملتان، کوئٹہ اور پشاور سمیت دیگر شہروں میں بھی دفاع پاکستان کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔۔ مقبوضہ کشمیر میں پنڈتوں اور فوجی کالونیوں کے نام پر آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے