بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے

کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور اقبالی بیان اس کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔ امریکی وزیردفاع نے بھی پاکستان میں بدامنی کا ذمہ داربھارت کو قرار دیا ۔ترجمان دفترخارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 23 جون 2016 14:26

بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23جون۔2016ء) دفترخارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے ، کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور اقبالی بیان اس کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔ امریکی جنرل نے بھی پاکستان میں بدامنی کا ذمہ داربھارت کو قرار دیا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کی باقاعدہ رکنیت دی جا رہی ہے۔

طورخم بارڈر پر مینجمنٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ بارڈر مینجمنٹ کا مقصد دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث افراد کی دراندازی کو روکنا ہے۔ افغانستان نے بھی اس پراتفاق کیا ہے۔ رچرڈ اولسن کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ امریکی معاون خصوصی محسوس کرتے ہیں کہ افغانستان میں بھارتی اثر و رسوخ پر ہمارے تحفظات حقائق کے برعکس ہیں،،، حقیقت یہ ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

(جاری ہے)

کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور اقبالی بیان اس کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔ سابق امریکی وزیر دفاع چک ہیگل خود پاکستان میں بھارتی مداخلت کا اقرار کرچکے ہیں۔ امریکی جنرل نے بھی پاکستان میں بدامنی کا ذمہ دار بھارت کو قرار دیا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوکلیئرسپلائرز گروپ کی رکنیت حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ این ایس جی کے اجلاس میں پاکستان کی درخواست کا جائزہ لیا جائے گا۔

گروپ کے رکن ممالک کوپاکستان اوربھارت کویکساں طورپردیکھنا ہوگا۔ ترجمان دفترخارجہ نے کشمیرمیں بھارتی سیکورٹی فورسزکی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ پروگرام کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔ کمیونیکیشن گیپ کا تاثر درست نہیں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان حکومت افغان مہاجرین کی واپسی کے اقدامات کرے۔ افغان مہاجرین کی باعزت واپسی عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔

متعلقہ عنوان :