ملک کے مسائل صرف جمہوری حکومتیں ہی حل کرسکتی ہیں،سیاسی قوتوں کو پانامہ لیکس کا معاملہ پارلیمانی طریقے سے حل کرنا چاہیے، میرحاصل خان بزنجو

حکومت کی غیر سنجیدگی کے باعث پانامہ لیکس کے معاملے پر مذاکرات ختم ہوچکے ہیں ، پیپلز پارٹی وزیر اعظم اور انکے خاندان کے خلاف ریفرنس دائر کرے گی، سنیٹرسعیدغنی، نہال ہاشمی کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب

ہفتہ 25 جون 2016 22:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جون ۔2016ء) وفاقی وزیر و سینیٹر میر حاصل خان بزنجونے کہاہے کہ ملک کے مسائل صرف جمہوری حکومتیں ہی حل کرسکتی ہیں،سیاسی قوتوں کو پانامہ لیکس کا معاملہ پارلیمانی طریقے سے حل کرنا چاہیے ،احتجاجی سیاست اورانتشار سے ملک کو نقصان پہنچے گا جبکہ پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی کا کہنا ہے کہ حکومت کی غیر سنجیدگی کے باعث پانامہ لیکس کے معاملے پر مذاکرات ختم ہوچکے ہیں ، پیپلز پارٹی وزیر اعظم اور انکے خاندان کے خلاف ریفرنس دائر کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کو مسلم لیگ ن کے سینیٹر نہال ہاشمی کی جانب سے مقامی کلب میں دیے گئے افطار ڈنر اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ افطار ڈنر میں وزیر مملکت زبیر عمر، پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی ، پیپلز پارٹی کے رہنما راشد ربانی ، وقار مہدی، ذوالفقار قائم خانی ، ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی آصف حسنین ،ڈپٹی اقبال ، مسلم لیگ ن کراچی کے صدر سید منور رضا، اسلم ابڑو ،جاوید ارسلان و دیگر نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر و سینیٹر میر حاصل بزنجو نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ احتساب صرف وزیر اعظم کا نہیں بلکہ تمام لوگوں کا ہونا چاہیے ، جماعتوں کو چاہیے کہ مثبت رویہ اختیار کریں او رپانامہ لیکس کا معاملہ پارلیمانی طریقے سے حل کریں،انتشار کی سیاست سے ملک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر ٹی او آرز کی تشکیل اور مذاکرات کے لیے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے ہمارا رابطہ ہے جبکہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کو بھی مذاکرات کے لیے منانے کی کوشش کرینگے ۔

انھوں نے کہا کہ نامہ لیکس کے معاملے پر ٹی او آرز بنا کر چیف جسٹس کوبھیج دیں گے اور وہ ہی فیصلہ کریں گے ۔اس موقع پر سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر اب مزاکرات اختم ہی ہو گئے ہیں کیونکہ حکومت سنجیدہ نہیں ۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے خلاف ریفرنس دائر کرے گی۔ تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ حکومت احتساب نہیں چاہتی اس لیے اب کوئی مزاکرات نہیں ہوں گے، کرپشن کے خلاف عوام کو احتساب کا موقع ملا ہے ہم عوام کی عدالت میں جائینگے ، انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف تمام تر صورت حال سے واقف ہیں، الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کرنا لازمی تھا اور اب سپریم کورٹ میں بھی ریفرنس دائر کریں گے۔

سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ کراچی کا امن مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہی بحال کیا تھا اور دہشت گردی کی جو نئی لہر اٹھی ہے اس پر بھی موجودہ حکومت قابو پائے گی ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس کے بیٹے کا اغواء اور معروف قوال امجد صابری کے قتل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔