کراچی میں صرف دو انچ بارش ہوئی ہے تو یہ حال ہے زیادہ ہوئی تو پتہ نہیں کیا ہو گا، کراچی کے نالوں میں کچرا پتھر بن چکا ہے ،شہر کے مسائل تب تک ٹھیک نہیں ہو سکتے جب تک اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں کئے جا سکتے

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعرات 30 جون 2016 23:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جون ۔2016ء ) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی میں صرف دو انچ بارش ہوئی ہے تو یہ حال ہے زیادہ ہوئی تو پتہ نہیں کیا ہو گا، کراچی کے نالوں میں کچرا پتھر بن چکا ہے ،شہر کے مسائل تب تک ٹھیک نہیں ہو سکتے جب تک اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں کئے جا سکتے ۔وہ جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں نالوں کی مکمل صفائی ہوا کرتی تھی ، میں جب گیا تو صفائی کا بہترین نظام چھوڑ کر گیا تھا،کراچی شہر کے لئے آئندہ 50سال کے لئے پانی کا بندوبست کر کے گیا تھا لیکن اب پینے کو دستیاب نہیں ، ہم نے پانی کے لئے ٹرنک لائنز ڈالی تھیں لیکن مین فرنٹ لائن پر سینکڑوں کی تعداد میں غیر قانونی ہائیڈرنٹ بنا دیئے گئے ہیں ، شہر میں روزانہ100ملین گیلن پانی ضائع ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کے گجر نالے میں8 ٹاؤن کا پانی جاتا ہے لیکن اب وہاں اتنا کچرا ہے کہ پانی گزر ہی نہیں سکتا بلکہ یہ کچرا اب پتھر بن چکا ہے ۔ ماضی میں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہکو خود گجر نالے پر لے کر گیا لیکن انہوں نے کوئی نوٹس نہیں لیا ۔انہوں نے کہا کہ نالوں کی صفائی سندھ حکومت کا نہیں بلدیاتی نمائندوں کا کام ہے ،کراچی کے سارے مسائل ایک دن میں پیدا نہیں ہوئے ،سالوں سے یہ سلسلہ چل رہا ہے ،ابھی تو کراچی میں ہلکی بارش ہوئی ہے آگے مون سون میں پتہ نہیں کیا ہو گا، اب نالوں کی صفائی کے لئے وزیراعلیٰ کی طرف سے رقم جاری کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ،نالوں میں پانی آ چکا ہے ، اب صفائی ممکن نہیں ۔

وزیراعلیٰ نے پیسے جاری کئے ہیں وہ مختلف افسران آپس میں بانٹ کر کھا جائیں گے ۔ لوکل گورنمنٹ کی بحالی تک مسائل حل نہیں ہو سکتے ، وفاق اور صوبائی حکومتوں کا قیام گلیوں کے فیصلے کرنا نہیں ، اختیارات نچلی سطح پر منتقل کئے جائیں تو شہر کے مسائل تین ماہ میں ٹھیک ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں چھوٹے چھوٹے کچرا کنڈی بننے چاہئیں جن کی مسافت 15منٹ سے زیادہ نہ ہو ۔(ار)

متعلقہ عنوان :