ایئر وائس مارشل ارشد ملک،ایئر وائس مارشل عاصم ظہیر کو ایئر مارشل،ایئر کموڈور محمد زاہد محمود،ایئر کموڈور نور عباس کو ایئر وائس مارشل کے عہدے پر ترقی دیدی گئی

پیر 4 جولائی 2016 22:57

اسلام آباد ۔ 4 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 جولائی ۔2016ء) ایئر وائس مارشل ارشد ملک اور ایئر وائس مارشل عاصم ظہیر کو ایئر مارشل کے عہدے پر جبکہ ایئر کموڈور محمد زاہد محمود اور ایئر کموڈور نور عباس کو ایئر وائس مارشل کے عہدے پر ترقی دیدی گئی۔ پیر کو پاکستان ایئر فورس کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق ایئر مارشل ارشد ملک نے دسمبر 1983ء میں پاک فضائیہ کے جی ڈی (پی) برانچ میں کمیشن حاصل کیا تھا، اپنی ملازمت کے دوران انہوں نے فائٹر سکواڈرن، فائٹر ونگ، آپریشنل ایئر بیس اور ریجنل ایئر کمانڈ کی قیادت کی ہے، وہ اسسٹنٹ چیف آف ایئر سٹاف (او آر اینڈ ڈی)، چیف پراجیکٹ ڈائریکٹر جے ایف۔

17 اور ڈپٹی چیئرمین پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے چیف آف ایئر سٹاف کے پرسنل سٹاف آفیسر کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں سرانجام دیں اور اس وقت وہ چیئرمین پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ایئر مارشل عاصم ظہیر نے نومبر 1984ء میں پاک فضائیہ کی جی ڈی (پی) برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔

انہوں نے فائٹر سکواڈرن، آپریشنل ایئر بیس اور پی اے ایف اکیڈمی رسالپور کی قیادت کی، وہ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ایف۔16 اور چیف پراجیکٹ ڈائریکٹر فالکن کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں، اس وقت وہ ڈپٹی چیف آف ایئر سٹاف (ایڈمنسٹریشن) کی حیثیت سے ایئر ہیڈ کوارٹرز میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ایئر وائس مارشل محمد زاہد محمود نے اپریل 1987ء میں پاک فضائیہ کی جی ڈی (پی) برانچ میں شمولیت اختیار کی۔ وہ ایک کوالیفائیڈ فلائنگ انسٹرکٹر ہیں۔ اسی طرح ایئر وائس مارشل نور عباس نے ستمبر 1985ء میں پاک فضائیہ کی انجینئرنگ برانچ میں شمولیت اختیار کی۔ وہ انجینئرنگ ونگ کی قیادت کر چکے ہیں اور انہیں انکی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا گیا ہے۔