ملک بھر میں عیدالفطرمذہبی جوش جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے‘نماز عید کے اجتماعات میںملک کی سلامتی ، خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں

آرمی چیف جنرل راحیل شریف آپریشن ضرب عضب میں مصروف جوانوں کے ساتھ وزیرستان میں عید منارہے ہیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 6 جولائی 2016 15:37

ملک بھر میں عیدالفطرمذہبی جوش جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے‘نماز عید ..

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔6جولائی۔2016ء) ملک بھر میں عیدالفطرمذہبی جوش جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے ،نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات میں ملک کی سلامتی ، خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف آپریشن ضرب عضب میں مصروف جوانوں کے ساتھ وزیرستان میں عید منارہے ہیں ، آرمی چیف نے گذشتہ سال بھی وزیرستان میں جوانوں کے ساتھ عید منائی تھی۔

دنیا بھر میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام میں ہوا ،خلیجی ممالک ،امریکا‘ انڈونیشیا، ملائیشیا ،آسٹریلیا ،کینیڈا‘یورپ کے زیادہ تر ممالک میں بھی آج عید منائی جا رہی ہے جبکہ بھارت اور بنگلادیش میں جمعرات کے روز عید منائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں صدر ممنون حسین اور اسلامی ملکوں کے سفاتکاروں نے شاہ فیصل مسجد اسلام آباد میں نماز عید ادا کی جس کے بعد ملک کی سلامتی اور امن و استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

نمازعید کے سلسلے میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، صدر مملکت ممنون حسین، مشیرخارجہ سرتاج عزیزاور اسلامی ملکوں کے سفیروں نے اسلام آباد میں شاہ فیصل مسجد میں نمازعید ادا کی جس کے بعد ملکی سلامتی، امن واستحکام اورملک میں دہشت گردی کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔راولپنڈی میں نمازعید کا بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ گراﺅنڈ میں ہوا، جڑواں شہروں کی تمام مساجد اورمختلف عید گاہوں میں نمازعید کے کئی چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے جن میں پاکستان سمیت عالم اسلام میں خوشحالی اورامن وامان کے لیے دعائیں کی گئیں۔

لاہور میں بادشاہی مسجد ، قذافی سٹیڈیم اور مسجد داتا علی ہجویری سمیت مختلف علاقوں میں عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے ، جہاں ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ لاہور میں بارش کی وجہ سے عید ٹھنڈی ہوگئی۔ کئی مقامات پر نمازیوں نے بارش میں ہی عید کی نماز ادا کی۔ کراچی میں مختلف مقامات پر بھی نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے جہاں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔

پشاور میں بھی عید گاہ سمیت مختلف مقامات پر عید کے اجتماعات ہوئے۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ، کوئٹہ میں عیدگاہ طوغی روڈ میں سب سے بڑا اجتماع ہوا جہاں لوگوں کی بڑی تعداد نے عید کی نماز ادا کی۔ ملک کے مختلف شہروں میں بھی نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے جس میں ملکی سربلندی کیلئے دعائیں کی گئیں۔ عید کے موقع پر ملک بھر میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ عید گاہوں اور عوامی مقامات پر پولیس اہلکاروں سمیت کمانڈوز تعینات ہیں۔ پنجاب پولیس نے لاہور سمیت 23 اضلاع کو انتہائی حساس قرار دیا ہے۔