ڈھاکہ: حملہ آور کے طور پر شناخت کیاگیا شخص یرغمالی نکلا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 6 جولائی 2016 15:44

ڈھاکہ: حملہ آور کے طور پر شناخت کیاگیا شخص یرغمالی نکلا

ڈھاکہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔6جولائی۔2016ء) بنگلہ دیش میں پولیس نے اعتراف کیا ہے کہ ڈھاکہ کے کیفے پر حملے میں جس شخص کو حملہ آور کے طور پر شناخت کیاگیا تھا وہ حقیقت میں یرغمالی تھا۔پولیس حکام نے بتایا تھا کہ گذشتہ جمعے کو آرٹیسن بیکری کیفے پر حملہ کرنے والے 6 مسلح افراد کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔اب پولیس کا کہنا ہے کہ جس شخص کو پہلے حملہ آور قرار دیا گیا تھا اسے دراصل بیکری میں یرغمال بنایا گیا تھا۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ شخص کیسے ہلاک ہوا اور اس کو کس نے مارا۔حکام کے مطابق سیف السلام چوکیدار نامی یہ شخص بیکری میں پیزا شیف تھا۔پولیس نے بتایا کہ اگرچہ شیف کی تصویر حملہ آور کے طور پر جاری کی گئی تھی لیکن اس کا تعلق حملہ آوروں سے نہیں تھا اور کسی طور پر اس واقعے میں ملوث نہیں تھا۔

(جاری ہے)

پولیس حکام نے ان اطلاعات کی تردید نہیں کہ سیف کو سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران حادثاتی طور پر ہلاک کر دیا تھا۔

سیف السلام چوکیدار کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے مشتبہ حملہ آوروں کی جاری کی گئی تصاویر کی مدد سے انھوں نے اپنے عزیز کی شناخت کی۔سیف السلام چوکیدار کے کزن سلمان نے بتایا کہ ہم نے اس پر احتجاج کیا کہ یہ وہ کسی صورت میں شدت پسند نہیں ہو سکتا، وہ سخت منحت کرنے والا شخص تھا اور بنگلہ دیش میں پیزا اور پاستہ تیار کرنے کا ماہر تھا۔ہم فوج کے پاس گئے کہ اس سیف کی لاش حوالے کی جائے لیکن انھوں نے یہ کہتے ہوئے لاش دینے سے انکار کر دیا کہ یہ مشتبہ حملہ آور ہے۔حکام نے بعد میں سیف السلام چوکیدار کو کیفے میں پیزا شیف کے طور پر شناخت کیا۔سیف السلام چوکیدارکی لواحقین میں دو بیٹیاں اور بیوی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :