ملتان: بند صندوق میں دم گھٹنے سے ‘آشنا‘ ہلاک

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 10 جولائی 2016 23:38

ملتان: بند صندوق میں دم گھٹنے سے ‘آشنا‘ ہلاک

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10جولائی۔2016ء) صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں ایک خاتون نے ملنے کیلئے آنے والے اپنے آشنا کو سسرالیوں سے بچانے کیلئے صندوق میں بند کردیا، جہاں وہ دم گھٹنے سے ہلاک ہوگیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ملتان کے قریب ضلع مظفر گڑھ کی پولیس کے مطابق شادہ شدہ اور بچے کا والد 22 سالہ مشتاق احمد بلوچ کے اپنی کزن رانی بی بی کے ساتھ نجی تعلقات قائم تھے، جو پہلے سے شادی شدہ اوردو بچوں کی والدہ ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مشتاق احمد بلوچ گذشتہ رات رانی بی بی کے گھر آیا جہاں اس کے سسرالی رشتےدار سو رہے تھے، تاہم مشتاق کی آمد سے پیدا ہونے والی آواز کی وجہ سے وہ اٹھ گئے۔ خاتون نے مشتاق احمد بلوچ کو سسرالیوں سے بچانے کیلئے اپنے کمرے میں موجود ایک صندوق میں بند کردیا اور اسے تالا لگادیا۔

(جاری ہے)

خاتون کے سسر اور دیور نے خاتون کے کمرے کی تلاشی لی اور اس موقع پر مشتاق احمد بلوچ صندوق میں دم گھٹنے کی وجہ سے چلانے لگا، تاہم انھوں نے اسے صندوق سے نہیں نکالا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ انھوں نے صندوق نہیں کھولا، جس کی وجہ سے مشتاق احمد 15 منٹ تک چلانے کے بعد دم گھٹنے سے ہلاک ہوگیا۔ مقامی پولیس عہدیدار سردار محمد ادریس نے بتایا کہ 'ہم نے خاتون کے سسر اور ان کے دو بیٹوں کو قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے'۔ ان کا کہنا تھا کہ جس وقت واقعہ پیش آیا خاتون کا شوہر گھر میں موجود نہیں تھا اور وہ کراچی میں ملازم ہے۔ ضلع مظفر گڑھ کے پولیس عہدیدار اویس احمد ملک نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔

متعلقہ عنوان :