ایرانی صدر اور بلغاریہ کے وزیر اعظم کے درمیان ملاقات ‘ دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

منگل 12 جولائی 2016 13:31

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جولائی ۔2016ء) ایرانی صدر حسن روحانی نے کہاہے کہ دہشت گردی سے مشترکہ مقابلے اور امن کی بحالی کے لئے خطے کے تمام ممالک کے درمیان اتحاد کی ضرورت ہے ۔ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور بلغاریہ کے وزیر اعظم بویکو بوریسف کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں ایران اور بلغاریہ کی قومیں دوطرفہ تعلقات میں فروغ سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا انھوں نے کہا کہ بلغاریہ ایک دوست ملک کی حیثیت سے تمام شعبوں میں، یورپی ملکوں کے ساتھ ایران کے تعلقات میں پل کا کردار ادا کرسکتا ہے۔

ایران کے صدر نے علاقے اور پوری دنیا پر دہشت گردی کے منفی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں دہشت گردی کو اس وقت فروغ ملا جب بعض ملکوں نے علاقے کے داخلی معاملات میں مداخلت کرتے ہوئے جمہوریت اور دہشت گردی سے مقابلے جیسے کھوکھلے نعرے لگائے اور علاقے میں اختلافات اور قتل و دہشت گردی کی آگ بھڑکا ئی۔

(جاری ہے)

انھوں نے دہشت گردی سے مشترکہ مقابلے اور امن کی بحالی کے لئے خطے کے تمام ممالک کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں نے علاقے میں بیجا مداخلت کرکے غلطی کی لیکن اس وقت خطے کے تمام عوام ان غلطیوں کے نتائج بھگت رہے ہیں۔

اس موقع پربلغاریہ کے وزیر اعظم نے کہا کہ بلغاریہ ایران کی یورپی منڈیوں تک رسائی میں تعاون کر سکتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لئے حالات سازگار ہیں۔انھوں نے کہا کہ ان کا ملک ایرانی مصنوعات کی یورپی منڈیوں تک باآسانی رسائی کے لئے علاقے میں نئے کوریڈور کے قیام کے لئے کوشاں ہے۔

متعلقہ عنوان :